صوبائی حکومت قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ،محمود خان

مردان سپورٹس کمپلکس میں کھلاڑیوں کے لیے ہاسٹل تعمیر کرنے کے ساتھ ہاکی ٹرف کی حفاظت کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے ،صوبائی وزیر کھیل

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر کھیل ثقافت اور اُمور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ،مردان سپورٹس کمپلکس میں کھلاڑیوں کے لیے ہاسٹل تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ ہاکی ٹرف کی حفاظت کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔وہ مردان سپورٹس کمپلکس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بنوں کی ٹیم نے بغدادہ کلب مردان کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرا دیا ۔تقریب سے پی ایچ ایف کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیویلپمنٹ اولمپئین نوید عالم اور ٹورنامنٹ سیکرٹری ڈاکٹر لیاقت نے بھی خطاب کیا اور اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر سپورٹس بورڈ حکام اور مقامی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس طارق محمود ، اولمپیئن لالہ فضل الرحمان ، اولمپیئن رحیم خان ، اولمپیئن مصدق حسین اور انٹر نیشنل کھلاڑی امتیاز آفریدی کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور ہاکی کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ٹورنامنٹ میں صوبے کے چودہ اضلاع سے ہاکی کلبز نے حصہ لیا ۔وزیر کھیل محمود خان نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا اور خیبر پختونخوا سپورٹس بورڈ کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ،اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے قائد عمران خان کے وژن کے مطابق کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لیے دوررس اقدامات کررہی ہے اور دیگر کھیلوں کی طرح قومی کھیل کے فروغ کے لیے بھی کام جاری ہے ۔

مردان میں ہاکی آسٹرو ٹرف بچھا دیا گیا ہے جبکہ بنوں کے پرانے آسٹروٹرف کو تبدیل کیا جارہا ہے ۔اسی طرح سوات میں وفاقی حکومت کی جانب سے ہاکی آسٹروٹرف کی منظوری دی جاچکی ہے ۔محمود خان نے کہا کہ ایک زمانے میں دنیا بھر میں ہاکی کے میدان میں پاکستان کا طوطی بولتا تھا لیکن آج قومی کھیل کا وہ معیار نہیں رہا جو افسوسناک امر ہے ۔پی ایچ ایف نے ہاکی کو زندہ کرنے کے لیے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے آئندہ دو تین سال میں اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہوں گے اور پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا ،اُنہوں نے سپورٹس کمپلکس مردان میں ایک ہاسٹل اور صوبائی حکومت کی جانب سے مردان سپورٹس کمپلکس میں ایک صوبائی ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقادکا اعلان کیا ۔

آخر میں صوبائی وزیر کھیل محمود خان نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بنوں ، رنر اپ ٹیم بغدادہ مردان اور تیسرے نمبر پر آنے والے ایبٹ آباد کی ٹیموں کو ٹرافیاں دیں ۔

متعلقہ عنوان :