انجمن طلباء اسلام کارکنان کا چینل نیو نیوز کی بندش کے خلاف پریس کلب لاہور کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ ، علامتی دھرنا

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) انجمن طلباء اسلام کے کارکنان نے چینل نیو نیوز کی بندش کے خلاف اور چینل نیونیوز کی انتظامیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب لاہور کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور علامتی دھرنا دیئے رکھا ۔اے ٹی آئی کے مظاہرے اور دھرنے میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔طلباء نے بازئوں پر سیاہ پٹیاں اور ہاتھوں میں بینرز اورکتبے اٹھا رکھے تھے ۔

جن پرپیمرا کے چیئرمین ابصار عالم کے ظالمانہ فیصلے کے خلاف نعرے درج تھے ۔مظاہرین کی قیادت انجمن طلباء اسلام پنجاب کے سیکریڑی اطلاعات محمد اکرم رضوی اورضلعی رہنمائوں عامر اسماعیل ،طیب شیخ ،ملک زبیر مصطفائی نے کی ۔مظاہرین اور شرکاء دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے اکرم رضوی اور عامر اسماعیل نے کہا کہ نیو ٹی وی کی غیر منصفانہ بندش کی شدید مذمت کرتے ہیںاور نیو نیوزچینل انتظامیہ اور چینل سے وابستہ صحافیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

آزادی صحافت کے خلاف منفی اقدام ہر دور میں ہوتے رہے ہیں ۔ابصار عالم صحافی برادری کا میر جعفر ہے۔ابصار عالم نے اپنی برادری اہل قلم سے بے وفائی اور حکمرانوں سے وفا کی ہے ۔تاریخ میں ابصار عالم کا نام سیاہ حروف سے لکھا جائے گا ۔ نیونیوز چینل کی بندش آزادی صحافت کے منافی اور شرمناک فعل ہے۔ نیوٹی وی چینل اسلام اور پاکستان کا علمبردار ہے۔

انہوں نے کہا پیمرا میڈیا پر پابندیوں سے باز رہے۔ نیو نیوزچینل کے خلاف انتقامی کاروائیاںبند کی جائیں۔ اور چینل کی بندش کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ صحافتی اداروں کو بے جا پابندیوں میں جکڑنے کی حکومتی کوششیں ناقابل برداشت ہے ۔نیو نیوز چینل کی نشریات بحال نہ ہوئیں تو طلباء برادری کو سڑکوں پر آنے کی کال دیں گے ۔اے ٹی آئی کے مظاہرے اور علامتی دھرنے میں سول سوسائٹی ،صحافی برادری،مذہبی ،سماجی جماعتوںکے کارکنوںاور لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے بھی شرکت کی ۔۔

متعلقہ عنوان :