ایس ایم ایز کی ترقی سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ بڑھے گی: صدر لاہور چیمبر عبدالباسط

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے کہا ہے کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں، مینوفیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ بڑھانے کے لیے ایس ایم ایز کی ترقی ضروری ہے لہذا اس سلسلے میں خصوصی پالیسی وضع کی جائے۔ کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایس ایم ایز رحمت اللہ جاوید کی سربراہی میں ایس ایم ایز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ دنیا بھر میں معاشی حوالے سے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کا کردار وسعت اختیار کررہا ہے اور ان کی اہمیت بڑھتی چلی جارہی ہے۔

اس موقع پر رحمت اللہ جاوید نے لاہور چیمبر کے صدر ایس ایم ایز کو درپیش چیلنجز سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ عبدالباسط نے کہا کہ حکومت کو ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے کاروباری برادری کی مشاورت سے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سیکٹر حقیقی معنوں میں انجن آف گروتھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کو درپیش مسائل حل ہونے اور اس کی ترقی سے مینوفیکچرنگ سیکٹر بھی ترقی کرے گا جس کے انتہائی مثبت اثرات برآمدات پر مرتب ہونگے جنہیں بڑھانے کی اشد سے ضرورت ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے ایس ایم ایز کو بجلی و گیس سمیت دیگر اشیاء سستے داموں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کا حصول ایس ایم ایز کے لیے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے ، حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان شرائط اور کم مارک اپ پر قرضے کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ یہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ رحمت اللہ جاوید نے امید ظاہر کی کہ حکومت جلد ہی ایس ایم ایز کے لیے خصوصی پالیسی جاری کرے گی۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :