نذیر حسین پیرا میڈیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں داخلے کے خواہش مند طلباء و طالبات سے انٹری ٹیسٹ

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:47

حیدرآباد2دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)خدمت خلق فائونڈیشن حیدرآباد کے زیر اہتمام نذیر حسین پیرا میڈیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں داخلے کے خواہش مند طلباء و طالبات سے انٹری ٹیسٹ لئے گئے اس حوالے گذشتہ روز ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع خدمت خلق فائونڈیشن حیدرآباد کے نذیر حسین میڈیکل کمپلیکس میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں حیدرآباد سمیت قرب و جوار کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے میڈیکل کے طلباء و طالبات نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ، اس موقع پرخدمت خلق فائونڈیشن حیدرآباد کے انچارج ڈاکٹر طاہر خانزادہ جبکہ اراکین میں سابق ایم پی اے محمد اکرم عادل ،پرویز یوسف قریشی اور شوکت بھائی سمیت نذیر حسین میڈیکل کمپلیکس کے ایم ایس ڈاکٹر طارق فیروزاور دیگر بھی موجود تھے جبکہ میڈیکل سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے نذیر حسین میڈیکل کمپلیکس پہنچ کر میڈیکل پری انٹری ٹیسٹ کا جائزہ لیا اور خدمت خلق فائونڈیشن حیدرآباد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ،اس موقع پرخدمت خلق فائونڈیشن حیدرآباد کے انچارج اور دورے پر آئے ہوئے میڈیکل سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ خدمت خلق فائونڈیشن حیدرآباد کی جانب سے گذشتہ کئی سالوں سے حیدرآباد اور اس کے قرب وجوار کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے میڈیکل کے طلباء و طالبات کو نذیر حسین پیرا میڈیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جارہاہے تاکہ اہل طلباء کو آسانی سے داخلے مل سکیں اور انہیں داخلے لینے میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے ،ان کا کہنا تھا سندھ میں تعلیمی نظام زوال پذیز ہے اور حکومت سندھ کی تعلیم کے شعبہ میں کوئی دلچسپی نظر نہیں آرہی ہے، میڈیکل تعلیم کی فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ اور طبقاتی تعلیمی نظام سے غریب طلباء تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ تعلیم ہرشخص کا بنیادی حق ہے، اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور تعلیم کے میعار کو بہتر بنا کر میڈیکل کے طلباء کو مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ اس حوالے سے تعلیم دوست قوتوں کو بھی چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر تعلیم میں اصلاحات لانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔