الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مواخات پروگرام کی تقریب کا انعقاد

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مواخات پروگرام کی پروقار تقریب سجائی گئی ۔جس میںمواخات پروگرام کے تحت25 ہنر مند افراد‘ خواتین و حضرات میں بلا سود4 لاکھ60ہزار روپے کے چیک تقسیم کر دیے گئے ۔تقریب میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد ،الخدمت وومن ونگ سے پروفیسر نائلہ اشرف اورپروفیسر نجم سمیت معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

احمد جمیل راشد نے ہنر مند افراد میں چیک تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ بلاسود قرض فراہم کرنے کا مقصد ہنر مند افراد کے کاروبار میں وسعت اور انکی آمدن میں اضافہ کرنا ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام الناس پر گہر ے اثرات مرتب کئے ہیں ،ہمیں اندازہ ہے کہ نوجوان موجودہ صورتحال سے پریشان حال ہیں۔ اِسی ضرورت کے تحت الخدمت فائونڈیشن مواخات پروگرام کے ذریعے ہنر مند اور بے روزگار افراد کو چھوٹے کاروبار کے لئے بلا سود قرض فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو کر اپنے اور اپنے خاندان کے لئے وسائل پیدا کر سکیں۔یاد رہے کہ الخدمت فائونڈیشن مواخات پروگرام کے تحت اب تک 10کروڑ روپے کی خطیر رقم سے 4500افراد کو بلا سود قرض فراہم کر چکی ہے۔