ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کروانے سے متعلق مجوزہ مشاورتی کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہیں‘ حینف گوہر

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:55

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت (ایف پی سی سی آئی-) کے نائب صدر اور یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے الیکشن سیل کے چیف کوآرڈی نیٹر حنیف گوہر نے فیڈرل بیورو آف ریونیو(ایف بی آر) ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کروانے سے متعلق مجوزہ مشاورتی کمیٹی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشاورتی کمیٹی کے قیام سے بزنس کمیونٹی کے ٹیکس تنازعات خصوصاً ریفنڈز کی ادائیگیوں میں مدد ملے گی۔

جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مجوزہ ٹیکس مشاورتی کمیٹی کو کالے دھن کی متوازی معیشت کے خاتمے اور ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کی کوششیں کرنی ہوں گی تاکہ ریونیو بڑھنے کی صورت میں ٹیکسوں کی شرحوں میں کمی کی جاسکے۔ حنیف گوہر نے چیئرمین ایف بی آر کی ٹیکس آمدنی بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان سے استدعا کی کہ ایف بی آر کو بلاواسطہ ٹیکس دائرہ بتدریج محدود کرناچاہیے۔

(جاری ہے)

جوبلواسطہ ٹیکسوں کی شرح بڑھانے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاواسطہ ٹیکس آمدنی مجموعی ٹیکس آمدنی کا 65فیصد حصہ ہے۔ جس سے مہنگائی میں تشویشناک اضافہ ہوگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بلواسطہ ٹیکسوں کے پھیلائو سے پیداواری لاگت کم ہونے کے ساتھ ایف بی آر کی ساکھ بہتر ہوگی اور مہنگائی کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایس ایم مُنیر،پیٹرن ان چیف یوبی جی، اور افتخارعلی ملک ،چیئرمین یوبی جی، کی قائدانہ قیادت اور یو بی جی کے صدارتی امیدوار زبیر طفیل کی برآمد کنندگان کے سیلز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی الیکشن میں صدارتی امیدوار زبیر طفیل‘ سینئر نائب صدر کے امیدوار عامر عطا باجوہ سمیت یو بی جی کے تمام امیدوار باصلاحیت، تجربہ کار ہیں اور30دسمبر کوبھاری اکثریت سے جیت کر ملک بھر کی تاجر برادری کے مسائل حل کروائیں گے۔