جنوبی کوریا ہائیڈور پاور اور انفراسٹراکچر کی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے، جنوبی کوریا اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ کیلئے فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرلی گئی ،جلد معاہدہ کیلئے دونوں ممالک اپنی سفارشات تیار کر رہے ہیں

جنوبی کوریا کے سفیر سوہڈانگ گوکا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب پاکستانی مصنوعات کو کوریا کی مارکیٹ میں آسان رسائی فراہم کی جائے ، خالد اقبال ملک

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) جنوبی کوریا کے سفیر سوہڈانگ گونے کہاہے کہ جنوبی کوریا پاکستان کو پن بجلی کی پیداوار اور انفراسٹراکچر کی ترقی میں اہم تعاون فراہم کر رہا ہے اور پاکستان کے ساتھ مزید شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، جنوبی کوریا پاکستان میں2سے 3ہائیڈرو پاور پلانٹ مکمل کر چکا ہے اور اتنے ہی مزید پلانٹ کو تعمیر کرنے میں تعاون کر رہا ہے ، اس کے علاوہ ان کا ملک لواری ٹنل سمیت پاکستان میں انفراسٹراکچر کی ترقی کے منصوبوں میں بھی اہم تعاون کر رہا ہے ، لواری ٹنل اگلے سال کے وسط تک مکمل ہو جائے گی جس سے علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، جنوبی کوریا اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں ، اس سلسلے میں فیزیبلٹی سٹیڈی مکمل کر لی گئی ہے اور دونوں ممالک اپنی سفارشات تیار کر رہے ہیں تا کہ یہ معاہدہ کم سے کم وقت میں طے پا جائے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا پاکستان میں2سے 3ہائیڈرو پاور پلانٹ مکمل کر چکا ہے اور اتنے ہی مزید پلانٹ کو تعمیر کرنے میں تعاون کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ان کا ملک لواری ٹنل سمیت پاکستان میں انفراسٹراکچر کی ترقی کے منصوبوں میں بھی اہم تعاون کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل اگلے سال کے وسط تک مکمل ہو جائے گی جس سے علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ سوہڈانگ گو نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے جو جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں فیزیبلٹی سٹیڈی مکمل کر لی گئی ہے اور دونوں ممالک اپنی سفارشات تیار کر رہے ہیں تا کہ یہ معاہدہ کم سے کم وقت میں طے پا جائے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مذکورہ معاہدہ طے پانے سے پاکستان کی متعدد مصنوعات کو جنوبی کوریا کی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے جنوبی کوریا کے ساتھ پاکستان کی برآمدات میں کمی کا رجحان ہے تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کر کے ان کے ملک کے ساتھ برآمدات کو بہتر کر سکتا ہے۔

سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا اپنی ہیوی تعمیراتی مشینری کے ذریعے اس منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستان میں کسی چیمبر آف کامرس کا یہ پہلا دورہ ہے اور یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دے کر پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

جنوبی کوریا کے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان دوطرفہ تجارت صرف 1.2ارب ڈالر تک ہے جوحوصلہ افزاء نہیں ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لا کر اور تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھا کر باہمی تجارت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت کا توازن زیادہ رہ کوریا کے حق میں ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی کوریا پاکستانی منصوعات کو اپنی مارکیٹ میںمزید آسان رسائی فراہم کرے تا کہ تجارت کا توازن بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا تقریبا 500ارب ڈالر کی سالانہ درآمدات کرتا ہے جن میں 60فیصد خام مال ، 30فیصد پلانٹ و مشینری اور 10فیصد ٹیکسٹائلز، کپڑے اور پھلوں سمیت صارفین کی دیگر اشیاء ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کو خام مال اور کپڑے و پھلوں سمیت صارفین کی متعدد اشیاء برآمد کر سکتا ہے تاہم کوریا کی زرعی مصنوعات سمیت دیگر درآمدات پر عائد سخت شرائط پاکستان کیلئے تجارت کی راہ میں اہم رکاوٹ ہیں لہذا جنوبی کوریا ان سخت شرائط پر نظرثانی کرے جس سے پاکستان کی برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں اور مزید کمپنیاں پاکستان میں توانائی ، کمیکل، انفراسٹریکچر کی ترقی اور مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کے سرمایہ کار پاکستان میں سی پیک منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری و جوائنٹ وینچرز کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا ایک ترقی یافتہ ملک ہے لہذا وہ پاکستان کو ٹیکنالوجی و مہارت منتقل کرکے ہماری معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، خالد چوہدری، ذکریہ اے ضیاء اور دیگر نے بھی جنوبی کوریا کے سفیر کو باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے بارے میں مفید تجاویز دیں۔

متعلقہ عنوان :