یورپ اور دنیا کے دیگر خطوں میں کشمیر کاز کے لیے کام کرنے والے تارکین وطن لائق تحسین ہیں،صدر آزاد کشمیر

یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے پر امن اور منصفانہ حل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے،سردار مسعود کی کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید سے گفتگو

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ یورپ اور دنیا کے دیگر خطوں میں کشمیر کاز کے لیے کام کرنے والے تارکین وطن لائق تحسین ہیں۔ یورپی یونین دنیا کا ایک اہم اقتصادی بلاک ہے۔ جس کا عالمی سیاست میں بہت موثر کردار ہے ۔ یورپی یونین کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔

اس بنا پر وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن اور منصفانہ حل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد میں کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ یورپ اور امریکا میں پاکستانی اور کشمیر کمیونٹی بہت موثر اور فعال ہے ۔

(جاری ہے)

نئی نسل علم اور مہارت سے بھی مالا مال ہے تا ہم تحریک آزاد کشمیر کے حوالے سے تارکین وطن کی کوششوں اور سر گرمیوں کو منظم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں حکومت آزاد کشمیر ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ یورپ میں آباد کشمیری اور پاکستانی وہاں مقتدر حلقو ں ، سیاستدانوں ، پارلیمان اور ذرائع ابلاغ میں اپنا اثر و سوخ نفوذ پیدا کریں ۔ اور ان تک اپنی بات پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کو موثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے ۔

اس موقع پر کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے صدر سردار مسعود خان کو کونسل کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری تنظیم گزشتہ کئی برسوں سے یورپی پارلیمنٹ کے اندر یوتھ فورم فار کشمیر ، کشمیر ویمن کانفرنس اور کشمیری ای یو ویک کا باقاعدگی سے اہتمام کرتی ہے ۔ جس میں یورپی پارلیمنٹ کے ارکان ، آزاد کشمیر اور پاکستان سے سیاسی اور سماجی شخصیات این جی اوز اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے شرکت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے یورپی یونین کے 27 ممبر ملکوں میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دس لاکھ دستخطوں کے حصول کی مہم شروع کر رکھی ہے ۔ اور اب تک یورپی یونین کے 9ممالک میں ہماری مہم کامیاب رہی۔ اور ہم 5 لاکھ افراد سے دستخط حاصل کر چکے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کشمیر کونسل ای یو کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ آپ حضرات کی کوششوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور مظلوم کشمیری بھائیوں کی مشکلات میں کمی آئے گی ۔

انہوں نے زور دیا کہ ان کوششوں کو مذید بھرپور اور سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ جلد نتائج برآمد ہو سکیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور کنٹرول لائن پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے آگاہ کیا۔ ۔