ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس

انسداد دہشت گردی عدالت نے متحدہ رہنما محمد انور سمیت تین ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس،انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے متحدہ رہنما محمد انور سمیت تین ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔وارنٹ گرفتاری ایف آئی اے کی استدعا پر جاری کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گرد کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیادی نے درخواست کی سماعت کی جس دوران ایف آئی اے کی درخواست پر محمد انور، افتخار حسین اور کاشف کامران کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ایف آئی اے کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں نامزد تین ملزمان محمد انور، افتخار حسین اور کاشف کامران کا چالان میں بھی ذکر ہے جبکہ گرفتار ہو چکے تین ملزموں نے اپنے بیانات میں ان کا ذکر کیا ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ ان ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے تین ملزموں محمد انور، افتخار حسین اور کاشف کامران کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں اور انہیں گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔( مہر علی خان)

متعلقہ عنوان :