حافظ آباد پولیس کی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائیاں ‘49سرچ آپریشن کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث 275ملزمان گرفتار ‘قبضہ سے بھاری اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:56

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) حافظ آباد پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائیاں کرتے ہوئے 49سرچ آپریشن کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث 275ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں 94خطرناک اشتہاری مجرمان بھی شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث گل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ماہ نومبر میں ضلعی پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 68ملزمان کے قبضہ سے 16رائفلیں، 33پسٹل، 15بندوقیں، 4کلاشنکوف اور 758گولیاں بر آمد کیں۔

113منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضہ سے 45کلو سے زائد منشیات ، 338 لٹر شراب بر آمد کی ۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے دوران قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب 94خطرناک اشتہاری کو بھی گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ سرچ آپریشن کے دوران 1015افراد کی بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے تصدیق بھی کی گئی۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ نومبر کے مہینے سٹی پولیس حافظ آباد کی کارکردگی ضلع بھر کے تمام تھانوں میں سب سے بہتر رہی جس پر ایس ایچ او تھانہ سٹی حافظ آباد ضیافت باٹھ ’’بیسٹ ایس ایچ او آف دی منتھ‘‘قرار دیتے ہوئے اُسے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹ بھی دیئے گئے ہیں۔

سٹی پولیس نے مختلف وارداتوںمیں ملوث پانچ رکنی چور ڈکیت گینگ کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 10موٹر سائیکلیں ، لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر لوٹا گیا سامان برآمد کر لیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ڈی پی او نے مال مسروقہ اُن کے اصل مالکان کے حوالے بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :