امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘حافظ عبدالغفار روپڑی

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء)امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، تمام مسلم ممالک کو ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر عالم اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز خطبہ جمعہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کفار اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہو چکے ہیں اور مسلمانوں کو اذیت پہنچانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ ان عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے امت کی وحدت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امت کے اتحاد سے پہلے قومی اتحاد وقت بھی ضروری ہے۔ پاکستانی سیاستدان انتشار کی بجائے قوم کو متحد کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

امت کے اتحاد کیلئے قومی اتحاد بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ابنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک خطے یا پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والی ہر بربریت کے خلاف پوری امت متحد ہے۔ اسلام دشمن عناصر جان لیں کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں بسنے والے مسلمان تنہا نہیں ہیں۔ امت مسلمہ ایک جسم کی طرح ہے۔ اگر پورے جسم میں سے کسی ایک حصے کو بھی تھوڑی سی تکلیف ہو گی تو پورا جسم اس تکلیف کے دفاع کے لیے تیار ہو گا۔ اس موقع پر وطن عزیز کی سالمیت اور سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔