امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی پاکستانی فل برائٹ اور ہمفرے پروگراموں کے شرکاء کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے پاکستانی فل برائٹ اور ہمفرے پروگراموں کے شرکاء کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ وہ امریکہ میں سیکھی گئی مہارتوں اور تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان میں اپنے پیشہ ورانہ اہداف کے حصول کے لئے کام جاری رکھیں۔

امریکی سفیر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور اس کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کا فلبرائٹ پروگرام کے لئے اعانت پر شکریہ ادا کیا۔ ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی عوام امن و استحکام اور علاقائی و عالمی معاشی ترقی کے حوالے سے مشترکہ بنیادی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نصب العین تعلیم کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فلبرائٹ اور ہیوبرٹ ہمفرے فیلو شپ پروگراموں کے تقریباً 250 پاکستانی المنائی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد میں ایک کانفرنس میں بھی شرکت کی جس کا مقصد اس بات کا جائزہ لینا تھا کہ وہ قانون اور صحت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ملکی ترقی میں کیسے کردار ادا کر سکتا ہے۔

فلبرائٹ پروگرام کے ذریعے پاکستانی طلبہ و طالبات امریکہ میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ ہمفرے پروگرام کے ذریعے مڈ کیریئر پیشہ ور ماہرین ایک سالہ نان ڈگری گریجویٹ سطح کی تعلیم امریکہ میں حاصل کرتے ہیں۔ یو ایس ایجوکیشنل فائونڈیشن پاکستان (یو ایس ای ایف پی) پاکستان میں امریکی حکومت کی جانب سے ان دونوں پروگراموں کو چلاتی ہے۔

یو ایس ای ایف پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اہلیت و قابلیت پر مبنی پاکستان فل برائٹ پروگرام اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل تمام تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے کہ وہ دیرپا ترقی اور کامیابی کے لئے موزوں ڈگری پروگرام کے ذریعے درکار مہارتیں اور علم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے اس سال کی کانفرنس کا موضوع ’’تبدیلی کے علمبردار‘‘ ہے۔

کانفرنس میں تعلیمی پروگراموں کے شرکاء نے مختلف شعبوں میں درپیش مسائل کی جدت پر مبنی حل دوسروں تک پہنچانے کے حوالے سے اپنے عزم و ارادے کا اظہار کیا۔ یو ایس ای ایف پی کو ان المنائی نیٹ ورک بنانے پر فخر ہے جن کے پاس پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے حوالے سے لیڈر بننے کا عزم اور صلاحیتیں موجود ہیں۔