ملائیشیا کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کے اعلیٰ سطحی پانچ رکنی وفد کی نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) ملائیشیا کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کے سینئر جنرل منیجر محمد نازلی احمد کے زیر قیادت ایک اعلیٰ سطحی پانچ رکنی وفد نے نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے جمعہ کو نیوٹیک ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے لاہور میں منعقد ہونے والے ہنر مندی مقابلے کو سراہا اور کہا کہ وہ تربیت کے اعلیٰ معیار اور نوجوانوں کے جوش و خروش سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی نوجوانوں کیلئے ملائیشیا کی کنسٹرکشن انڈسٹری میں ملازمتوں کے روشن امکانات ہیں۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وفد کو نیوٹیک کے زیر تحت دی جانے والی ٹریننگ کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا اور حال ہی میں کی جانے والی اصلاحات کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا دوستانہ اور برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر اپنے ٹیوٹ سسٹم میں مزید بہتری لا سکتے ہیں۔ اس موقع پر ذوالفقار چیمہ نے بتایا کہ نیوٹیک نے تربیت کے اختتام پر روایتی امتحان کی بجائے ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید ترین امتحانی نظام شروع کیا ہے جس کے مطابق 90 فیصد امتحان پریکٹیکل ٹیسٹ پر مشتمل ہے۔

تین ممتحن میں سے دو انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ماہرین ہیں جو پریکٹیکل مشقوں کے دوران زیر تربیت نوجوانوں کی اصل مہارت اور علم کا جائزہ لیں گے۔ اس کے نتیجہ میں نیوٹیک کی جانب سے ملنے والے سر ٹیفکیٹ سے اُنہیں ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کی فراہمی میں آسانی ہوگی ۔ مسٹر نازلی نے نیوٹیک کے زیر تحت لئے جانے والے اقدامات و اصلاحات کو سراہا اور نئے امتحانی نظام کو قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ اس سے یقیناً نوجوانوں کے ہنر اور علم میں کئی گنا زیادہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک پر زور دیا اور اس سلسلہ میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔