جماعت اسلامی نے جنرل (ر) راحیل شریف کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 2 دسمبر 2016 16:42

جماعت اسلامی نے جنرل (ر) راحیل شریف کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔02 دسمبر 2016ء) : جماعت اسلامی نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی رہنما ڈاکٹر وسیم اختر نے جنرل (ر) راحیل شریف کو پارٹی میں شمولیت اور سیاست میں مثبت تبدیلیاں لانے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بتائی ۔

ڈاکٹر وسیم کا کہنا تھا کہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو دعوت دی ہے کہ وہ جماعت اسلامی میں شامل ہو کر سیاست میں ویسی ہی تبدیلی لائیں جیسے انہوں نے بطور آرمی چیف دہشتگردوں کے خلاف ملٹری آپریشنز کر کے ملک کے حالات کو تبدیل کیا۔ ڈاکٹر وسیم اختر نے سوالات کے وقفے میں بتایا کہ بطور آرمی چیف اپنی مدت پوری کرنے اور ذمہ داریاں نبھانے کے بعد اب سابق آرمی چیف کو جماعت اسلامی میں شامل ہوجاناچاہئیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر وسیم اختر کے اس بیان پر رد عمل دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی وزیر ندیم کامران نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ راحیل شریف کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینا جماعت اسلامی کے نظام کے خلاف ہے کیونکہ جماعت اسلامی کے رہنما اور ورکرز بھی نچلی سطح سے آتے ہیں ، اگر راحیل شریف نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کر بھی لی تو انہیں کس عہدے پر فائز کیا جائے گا؟ دونوں رہنماؤں کے مابین تلخ کلامی پر اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے دونوں اراکین کو خاموش کروادیا۔