حکومت پاکستان سٹیل ملز کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے،اس سلسلہ میں نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ یہ ادارہ ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکے،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:31

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نجکاری کمیشن اور وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان سٹیل ملز سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ہم آہنگی کے ساتھ اقدامات تجویز کئے جائیں۔ وہ جمعرات کو یہاں نجکاری کمیشن کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پاکستان سٹیل ملز کے معاملات زیر غور لائے گئے۔

چیئرمین نجکاری کمیشن نے اجلاس کو سٹیل ملز کے امور اور اس کی انتظامیہ کے بارے میں تفصیلی پریذینٹیشن دی۔ سیکرٹری صنعت و پیداوار نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان سٹیل ملز کے نئے سی ای او نے چارج سنبھال لیا ہے اور وہ ملز کے انتظامی اور مالیاتی امور کو دیکھ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مسائل کے حل کیلئے ہم آہنگی کے ساتھ اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سٹیل ملز کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ اس سلسلہ میں نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ یہ ادارہ ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کا بڑا خیال ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملز کی پیداوار سے قطع نظر ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن، وزارت صنعت و پیداوار اور فنانس ڈویژن کے سینئر حکام کے علاوہ پاکستان سٹیل ملز کے سی ای او نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :