ایچ آئی وی ایڈز سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر لاڑکانہ میں سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام واک کا انعقاد

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:25

لاڑکانہ ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) ایچ آئی وی ایڈز سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر لاڑکانہ میں سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا آغاز چانڈکا سول اسپتال سے ہوا جو پریس کلب کے سامنے پہنچی۔ واک میں سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام سمیت ضلعی حکام نے شرکت کی۔ واک میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل عملہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت بچے اور خواتین بھی شریک تھیں جن کے ہاتھوں میں ایڈز سے بچاؤ کے بینر اور پلے کارڈ تھے۔

(جاری ہے)

واک میں بینڈ کے ذریعے ملی نغموں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر یونس چاچڑ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایچ آئی وی ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 10891 ہے جس میں لاڑکانہ سمیت اندرون سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 1440 مریض بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2011ء کے سروے کے مطابق سندھ میں ایچ آئی وی ایڈز کے ممکنہ مریضوں کی تعداد 45000 تک ہے جبکہ 22 نومبر سے دوبارہ نئی سروے شروع کرائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف ٹیپو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایچ آئی وی ایڈز پر کنٹرول کرنے کے لئے متحرک ہے اور ہم سب مل کر اس مرض کا خاتمہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :