جائیکا وفدکا فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:25

فیصل آباد۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) جائیکا کے ایک وفد نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور نائب صدر انجینئر احمد حسن سے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس کے مکینیکل شعبوں میں بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا۔ جائیکا کا وفد انجینئرنوبورو کاکی سو، چیف ایڈوائزر ٹریننگ پلاننگ، انجینئر ٹاڈاؤاشی۔

انجینئرسن جی ایوبو، انجینئر کنیاکی کاٹو، مسٹر تاکیوکی موٹویا اور عثمان طفیل پر مشتمل تھا۔ انجینئر احمد حسن نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوششوں کے باوجود ابھی تک ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورتوں کو پورا نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر فیصل آباد کی صنعتوں میں درمیانہ درجہ کے ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس اس سلسلہ میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں لیکن جدید لیبارٹریاں مہیا نہ ہونے کی وجہ سے نئی جدید اور زیادہ پیداوار دینے والی ہائی ٹیک مشینوں کیلئے تربیت یافتہ آپریٹر تک دستیاب نہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سمن آباد کے مکینیکل شعبہ کی اپ گریڈیشن کیلئے جائیکا کے مالی تعاون کو سراہا اور کہا کہ مکینیکل سیکشن میں جدید لیبارٹری آلات کی فراہمی سے طلبہ کو نئی اور جدید ٹیکنالوجی کوسمجھنے اور اختیار کر نے میں آسانی ہوگی۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جائیکا گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سمن آباد کی طرح دیگر اداروں کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی تعاون کرے گی۔ انجینئر احمد حسن نے بعد میں جائیکا کے ماہرین کے ہمراہ گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سمن آباد کا بھی دورہ کیا جہاں جاپان کی طرف سے جدید ترین لیبارٹری آلات اور مشینری مہیا کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :