ربیع الاول پر عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ بلدیہ غربی کی اولین ترجیح ہے،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی اقتدار احمد

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی اقتدار احمدنے کہا ہے کہ ربیع الاول کے موقع پر عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ بلدیہ غربی کی اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ بلدیہ زون یوسی 32 میں نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خصوصا مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے کچرے کی منتقلی ،کچرہ کنڈیوں کی صفائی اور چونے و جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کا عمل تسلسل سے جاری رکھا جائے تمام ہلکی و بھاری مشینری کی درست حالت میں موجودگی یقینی بنائی جائے ،جبکہ موقع پر موجود عوام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ بلدیہ غربی جشن ولادت کے موقع پر عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے رات دن جدوجہد میں مصروف عمل ہے انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گھروں کا کچرہ جگہ جگہ ڈالنے کے بجائے مقررہ مقامات پر ڈالیں نکاسی آب کے حوالہ سے شکایات فوری طور پر درج کرائیں، اس موقع پر بلدیاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر کو بلدیہ زون میں جاری صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے کیئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صفائی ستھرائی اور کچرے کی بروقت منتقلی کیلئے تمام تر دستیاب ہلکی و بھاری مشینری کو بروئے کار لایا جارہا ہے، جبکہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے لائینوں کی مرمت اور تبدیلی کا کام بھی برق رفتاری سے جاری ہے۔