زرداری ٹولہ بلاول کو لاڑکانہ سے الیکشن لڑانے سے پہلے ہی ممتاز علی بھٹو سے خوفزدہ اور پریشان ہو گیا ہے

سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنمائوں انور گجر‘ رزاق باجوہ اور دیگر کا مشترکہ بیان

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈی نیٹر رزاق باجوہ ، چیف آرگنائزر میر عبدالنبی بروہی ، فتح بھٹو نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قائد نواب ممتاز علی بھٹو پر جھوٹے اور بے بنیاد اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے زرداری ٹولے نے اپنی بوکھلاہٹ ظاہر کرکے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ہے کیونکہ زرداری ٹولہ بلاول زرداری کو لاڑکانہ سے الیکشن لڑوانے سے پہلے ہی سردار ممتاز علی بھٹو سے خوفزدہ اور پریشان ہو گیا ہے لیکن سردار ممتاز علی بھٹو اور ان کے تمام ساتھی ایسی گیدڑ بھپکیوں اور دھونس دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے اور زرداری کی طرح ملک چھوڑ کر بھاگنے والے نہیں ہیں ۔

ان کا اسی سرزمین پر بیٹھ کر سیاسی طور پر نہ صرف مقابلہ کریں گے بلکہ ان کے کالے کرتوتوں ، کرپشن ، لوٹ مار اور عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف اپنی آواز کو بلند کرکے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

سندھ نیشنل فرنٹ گیڈروں سے ڈرنے والے نہیں بلکہ شیروں سے مقابلہ کرنے والی جماعت کا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو وںکے نام پر سیاست کرکے کھانے پینے ، جینے اور چھپنے والوں نے بھٹو خاندان کو نہ صرف نقصان پہنچایا ہے بلکہ اب بھٹو خاندان کے سربراہ سردار ممتاز علی بھٹو کے خلاف سرکاری مشینری کا استعمال کرکے انتقامی نشانہ بنا رہے ہیں حالانکہ زرداری ٹولے کی خواہش ہے کہ ہمارا سندھ میں نہ ہی کوئی مقابلہ کرنے والا ہو اور نہ ہی کوئی اپوزیشن ہو ۔

اس کے باعث پیپلز پارٹی نے اپنے تمام مخالفین کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں ، جھوٹے مقدمات اور دھونس دھمکیاں دے کر اپنے ساتھ شامل کرکے خاموش کر دیا ہے ۔ حالانکہ وہ اسمبلیوں میں تھے یا باہر کوئی چھوٹی موٹی تحریک چلانے والے لیکن سندھ نیشنل فرنٹ سردار ممتاز علی بھٹو کی قیادت میں ان چوروں ، لٹیروں ، قاتلوں اور ملک اور عوام کے دشمن حکمرانوں کے خلاف نہ صرف آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں للکارتے رہیں گے اور ہر سیاسی محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور سندھ نیشنل فرنٹ پیپلز پارٹی کے متبادل اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

انور گجر رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ ملک پر راج کرنے والی شہید ذوالفقار بھٹو کی پیپلز پارٹی کو زرداریوں نے زبردستی بھٹو بن کر اسے ہائی جیک کرکے صرف سندھ ہی نہیں بلکہ چند ضلعوں تک ہی محدود کر دیا ہے ۔ ہم انہیں چیلنج کرتے ہیں کہ یہ لوگ بھٹو کے نام سے نکل کر اپنے حقیقی باپ دادا کے نام پر چل کر سیاست کریں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ظاہر ہو جائے گا ۔ زرداری ٹولہ سندھ میں انتظامیہ ، پولیس ،سرکاری مشینری، لوٹ اور مار کرپشن کرکے اپنے آپ کو بچائے بیٹھے ہیں، حالانکہ سندھ کے عوام کے دلوں میں زرداری ٹولے کے خلاف نفرت کی آگ بھڑک رہی ہے ، اس کا لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :