ایم کیوایم پاکستان نے کراچی کے تین ٹائونز میں ہمار اکراچی صفائی مہم کا افتتاح کردیا

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے زیراہتمام آج یکم دسمبر 2016ء بروز جمعرات سے کراچی کے تین ٹائونز میں ’’100روزہ ہماراکراچی صفائی پروگرام ‘‘ کا آغاز کردیا گیا،ایم کیوایم (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بلدیہ شرقی کے علاقے صہبا اختر روڈ گلشن اقبال اور اللہ والی چورنگی شاہراہ قائدین پر جھاڑو لگا کر سو روزہ صفائی مہم کا افتتاح کیا ، ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے لیاقت آباد نمبر 3میں کیفے لیاقت آباد یوسی 42میں صفائی مہم کا افتتاح کیا جبکہ حق پرست میئر کراچی وسیم اختر نے شاہ فیصل کالونی نمبر 2میں واقع شمع شاپنگ سینٹر سے صفائی مہم کا آغاز کیا ۔

اس سے قبل جب ڈاکٹر فارو ق ستار ، عامر خان اور میئر کراچی وسیم اختر ’’100روزہ ہمارا کراچی صفائی پروگرام ‘‘ کا افتتاح کرنے کیلئے شاہ فیصل کالونی ، گلشن اقبال اور لیاقت آباد کے علاقوں میں پہنچے تو ان علاقوں کے نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین اور بچوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، گل پاشی کی اورپرجوش نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان امین الحق ، فیصل سبزواری ، عادل خان ، شاہد علی ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

عوام نے ایم کیوایم پاکستان ، حق پرست میئر کراچی وسیم اختر اور بلدیاتی قیادت کی مشترکہ طو رپر شروع کئے گئے ’’100روزہ ہمارا کراچی صفائی پروگرام ‘‘ کا زبردست خیر مقدم کیا اور کہا کہ محدود اختیارات اور وسائل کی کمیابی کے باوجود حق پرست قیادت نے شہر کوگندگی ، کچرے سے صاف کرنے کیلئے جو عملی قدم اٹھایا ہے وہ نہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ کراچی شہر سے محبت اور اسے صاف ستھرا رکھنے والا ہر شہری اس صفائی پروگرام میں برابر کا شریک ہے ۔

ہمارا کراچی صفائی پروگرام کے سلسلے میں گلشن اقبال ٹائون ، لیاقت آباد اور شاہ فیصل کالونی میں کچرا کنڈیوں سے کچرا اٹھایا گیا ، جگہ جگہ لگے گندگی کے ڈھیر صاف کئے گئے ، نکاسی آب کے نظام کو درست کیا گیا ، سڑکوں کی استر کاری کی گئی ،نالوں کی صفائی کی گئی ،اسٹریٹ لائٹس لگائی گئیں ، سڑکوں پر جراثیم کش اسپرے اور چونا ڈالا گیا ۔ صفائی پروگرام میں حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، کورنگی ٹائون کے چیئرمین نیر رضا ،ڈسٹرکٹ ایسٹ کے چیئرمین معید انور، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی ،سول سائٹی ، این جی اوز ، ایم کیوایم (پاکستان ) کے ذمہ داران و کارکنان ، حق پرست بلدیاتی قیادت اور بلدیاتی اداروں کے افسران اور عملے نے بھر پور حصہ لیا ۔

صفائی مہم کے پروگرام کا عوام نے زبردست خیر مقدم کیا اور کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم کے ثمرات عوام تک ضرور پہنچیں گے اور شہر کا نقشہ تبدیل ہوگا ۔ اس موقع پر مختلف علاقوں کے نوجوانوں اور بزرگوںنے صفائی مہم میں حصہ لینے کیلئے اپنے نام بھی لکھوائے اور کہاکہ شہر کراچی کو صاف کرنے کی مہم اگر وفاقی اور صوبائی حکومت کی سرد مہری کی نذر رہی تو اس سے عوام میں اچھا تاثر نہیں ہرگز نہیں جاسکتا ۔

نوجوانوں،بزرگوں اور خواتین نے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر فارو ق ستار ، رابطہ کمیٹی کے اراکین ، میئر کراچی وسیم اختر اور ڈسٹرکٹ چیئرمینوں سمیت بلدیاتی قیادت اور ایم کیوایم کے کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور صفائی مہم کی سو فیصد کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔