بونیر یونیورسٹی کیمپس کا بطور مکمل یونیورسٹی اعلامیہ جاری کرنے کی ہدایت

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:57

پشاور۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بونیر میں یونیورسٹی کیمپس کا بطور مکمل یونیورسٹی اعلامیہ جاری کرنے اور اس کے چارٹر کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت صوبہ بھر کے عوام کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع دینا چاہتی ہے کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے اس لئے نوجوان نسل کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرناحکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ نوجوان قومی تعمیر وترقی میںبھرپور کردار ادا کرسکیں۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء عنایت الله خان ،محمد عاطف خان ، حاجی حبیب الرحمن، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو میڈیکل کالج تیمر گرہ ، یو ای ٹی کیمپس دیر اپر ، بونیر یونیورسٹی کیمپس ، چترال یونیورسٹی کیمپس اور چترال گرلز ڈگری کالج کے منصوبوں پر پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالج تیمر گرہ میں جلد کلاسز شروع کرنے کیلئے عمارت کا انتخاب کرنے اورمطلوبہ آسامیوں پر تعیناتیاں جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے مستقل کیمپس کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کرکے منظوری کے لئے بھیجنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے یو ای ٹی کیمپس دیربالا کی تعمیر اور بونیر یونیورسٹی کیمپس کومکمل یونیورسٹی کا درجہ دینے اور اُس کے چارٹر کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلیٰ نے چترال یونیورسٹی کیمپس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کا کی تعیناتی کے لئے تجویز بھیجنے جبکہ چترال گرلز ڈگری کالج کیلئے اراضی کا مسئلہ بلا تاخیر حل کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے جاری منصوبوں کی بروقت کی تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔