وزیراعلیٰ کی ڈبلیوایس ایس پی پشاور کو حیات آباد میں پانی کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:57

پشاور۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے واٹر سپلائی اینڈ سنیٹشن کمپنی پشاور کو حیات آبادمیں پانی کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، صفائی اور پانی کے کنکشن اور بلوں کی کولیکشن کو آئو ٹ سورس کرنے اور15 دنوں کے اندرپراگرس رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے تاکید کی کہ پانی کے کنکشن اور کولیکشن کی ذمہ داریاں ایک ہی کمپنی کو دی جائیں۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میںواٹر سپلائی اینڈ سنٹیشن کمپنی پشاور کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کمپنی کو مزید فعال اور اسکے نتائج دیر پا بنانے کی ہدایت کی اور کہاکہ جن مقاصد کیلئے کمپنی بنائی گئی ان کا حصول نظر آنا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے حیات آباد میں پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے کمپنی کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی اے سے ملکر مربوط لائحہ عمل طے کریں ۔ پانی کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے سروسز روڈ پر صفائی کا بندوبست نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ بڑی شاہراہوں پر صفائی کی جاتی ہے مگرا ن کے اطراف میں سروسز روڈز پر گند کیوں ہوتا ہے ۔

وہاں بھی صفائی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور میں 585 ٹیوب ویلز ہیں جن سے 578 فعال اور 7 غیر فعال ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ غیر فعال ٹیوب ویلز اور اوورہیڈ ذخائر ز میں سے جو ٹھیک ہونے کے قابل ہیں انہیں ٹھیک کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ٹیرف میں اضافہ کی بھی منظوری دی اور ہدایت کی کہ متعلقہ حکام ملکر نرخ طے کریں جس کا نفاذ ضروری ہے جبکہ بعد ازاں مستقبل کیلئے دس فیصد سالانہ اضافہ متعین کیا جائے تاکہ کسی قسم کی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

وزیراعلیٰ نے اخراجات کی مد میں 70 کروڑ روپے کمپنی کو جاری کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے ون لائن ڈویلپمنٹ گرانٹ کی مد میں کمپنی کے بقایا جات کو آئندہ اے ڈی پی میں ڈالنے کیلئے تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کمپنی کی خدمات سے زیادہ سے زیادہ عوام کو مستفید کرنے کیلئے رجسٹریشن میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ رجسٹریشن کا مجوزہ ہدف حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کسٹمرز میں اضافہ کیلئے نئی ہائوسنگ اور کمرشل پلازوں کی تعمیر سے پہلے کمپنی سے این اوسی لینے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوںنے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام ملکر اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پلان کریں۔

متعلقہ عنوان :