ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال میں سی ٹی سکین کی مفت سہولت کا آغاز ہوگیا

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:56

چیچہ وطنی۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال میں سی ٹی سکین کی مفت سہولت کا آغاز ہو گیا ۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ حکومت نے شہریوں کو جدید ترین طبی سہولتیں مفت فراہم کرنے کا ساہیوال سے آغاز کر کے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ خدمت عوام کی پالیسی پر نہ صرف یقین رکھتی ہے بلکہ اس کے عملی اظہار کے لئے ایک قدم اور آگے بڑھ کر کام کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ساہیوال میں المحمود فائونڈیشن کے زیر اہتمام فراہم کی جانے والی سی ٹی سکین کی سہولت جو مفت اور بعض مریضوں سے معمولی چارجز لے کر فراہم کی جا رہی ہے کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے نہایت احسن اور قابل تعریف اقدام قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر فری کرنے کی ابتدا ساہیوال سے کی ہے۔

(جاری ہے)

ملک ندیم کامران نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 3ارب 28کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے نئے بلاک کے مکمل ہونے سے مریضوں کوطبی سہولتیں میسر آئیں گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ خطہ مخیر حضرات کی بہت بڑی آماجگاہ ہے جہاں لوگوں نے کھلے دل سے فلاحی منصوبے مکمل کئے ہیں۔بعد ازاں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برن اور امراض قلب یونٹ کے قیام سمیت میڈیکل کے متعدد منصوبے بہت جلد مکمل ہو کر خدمت عوام کے لئے کام شروع کرنے والے ہیں ۔ قبل ازیں کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال کی سر زمین پر بسنے والے مخیر اور اہل دل حضرات نے عوام کی خدمت کے نئے باب رقم کئے ہیں اور مستقبل قریب میں ان کے تعاون اور حکومت کی غیر معمولی دلچسپی سے انشاء للہ ہم ساہیوال کو ایک ماڈل ڈویژن بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

تقریب میں ڈی سی او شوکت علی کھچی ،پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عبدالعزیز ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اقبال شاہد اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :