ملکی ترقی کے لئے انتشار اور فتنے کی سیاست کو ختم کرنا ہو گا، چوہدری امتیازاحمد جٹ

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:56

سیالکوٹ۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وائس چیئرمین یونین کونسل پراگ پور چوہدری امتیازاحمد جٹ نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے میگا پراجیکٹس کی تیز رفتاری سے تکمیل کے لئے حکومت پنجاب کا مالیاتی ڈسپلن دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے‘ ترقیاتی منصوبوں میں گڈگورننس ، شفافیت اور معیار کو قائم رکھنے کے لئے مروجہ قوانین کی پابندی سے بیرونی سرمایہ کار پنجاب میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں‘ حکومت پنجاب کی مالیاتی پالیسیوں اور اقدامات سے دیگر صوبے بھی رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مقصد ملک میں ترقیاتی کاموں کا فروغ ہے ۔ ملک میں جاری ترقیاتی کاموں میں میرٹ کی پالیسی سب سے نمایاں ہے اور عوام کی خدمت میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں ۔ ہماری حکومت صوبہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی ترقیاتی منصوبوں کو شروع کئے ہوئے ہے ۔ پاکستان کی ترقی کے لئے انتشار اور فتنے کی سیاست کو ختم کرنا ہو گا اور پاکستان کے اداروں پر اعتماد کرنا ہو گا ۔ حکومت کے خلاف منفی تنقید فقط ترقیاتی کاموں کو روکنے کی سازش ہے جسے عوام اور حکومت ناکام بنا رہے ہیں۔