غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان میںلیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:56

ڈی جی خان۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان کے ہونہار طلباء و طالبات کیلئے 266لیپ ٹاپ کمپیوٹرز فراہم کر دیئے گئے ہیں‘ اس حوالے سے غازی یونیورسٹی میں تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی مسز شہناز سلیم ، وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق ، ایم پی اے بیگم نجمہ ارشد ، رجسٹرار ڈاکٹر نجیب حید رملغانی او ردیگر نے منتخب طلبائوطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے کہاکہ حکومت ملک کا مستقبل تابناک بنانے کیلئے طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے‘ لیپ ٹاپ کے ذریعے علم اور معلومات کے حصول میں آسانی ہو گی‘پاکستان دنیا کے چند ممالک میں شامل ہے جس میں یوتھ کی تعداد بہتر ہے ‘ذہانت اور محنت کو دیکھتے ہوئے قوی امید ہے کہ پاکستان کامستقبل روشن ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غازی یونیورسٹی کے مسائل کا ادراک ہے‘ انتظامی او ردیگر معاملات کی بہترنگرانی کیلئے چاروں کیمپس کو ضم کر کے دو بنائے جائیں گے‘ ادارہ کو تمام سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی مسز شہناز سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علم بانٹنے سے بڑھتا ہے‘ سائنس اور آئی ٹی کی تعلیم سے بروقت معلومات کا حصول ممکن ہے‘ مسلم لیگ ن کی حکومت علم دوستی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور آج کی تقریب اس کا واضح ثبوت ہے۔

ایم پی اے بیگم نجمہ ارشد نے کہاکہ حکومت ہونہار طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی اور خوداعتمادی میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے‘ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ کردار سازی کر کے محب وطن بنایا جائے۔ ا س موقع پر ڈین پروفیسر ڈاکٹر راشدہ قاضی ، پروفیسر مقصود عالم رضوی ، پروفیسر ڈاکٹر اسحاق او ردیگر نے بھی خطاب کیا۔