کسان پیکج کے ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے آگاہی مہم تیز کی جائے‘ایڈیشنل کمشنر

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:55

ملتان۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)کسان پیکج اور زراعت کی ترقی کیلئے جاری دوسرے تمام منصوبہ جات کے ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے آگاہی مہم تیز کی جائے‘ اس پلیٹ فارم سے ہم حکومت کو تجاویز بھیجیں گے کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے عمل کو مزید سادہ بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار بلاسود قرضوں کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل کمشنر سرفراز حسین نے ڈویژنل ایگریکلچرل ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت شفقت حسین بھٹی، چیف کنزرویٹر فاریسٹ بشیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل رانا محمد اخلاق، ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) چوہدری نصیر احمد، ایکسئین انہار عبدالواحد، ڈی ایس پی حسن عباس کھاکھی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں، نمائندہ کسان تنظیم رائو محمد طارق سمیت تمام ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں بھرپور رہنمائی کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے میپکو کے حکام سے کہا کہ وہ بجلی کے بلوں کی درستگی کے عمل کو تیز کریں تاکہ کاشتکار بقایا جات جلد از جلد جمع کراسکیں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ اینڈرائڈسیٹ کے استعمال سے پہلے لیے گئے نمونہ جات کو کچھ جگہوں سے دوبارہ لے کر لیبارٹری بھجوائیں۔

انہوں نے مزید کہ کہ محکمہ انہار کا عملہ پانی چوری کے سلسلہ میں پورے موگے کے کاشتکاروں کی بجائے تحقیق کے بعد صرف ملوث کاشتکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائے۔ پانی چوری کے عمل کو روکنے کیلئے نگرانی کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ ٹیل کے کاشتکاروں سے کسی قسم کی زیادتی نہ ہو۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (سیکرٹری) ڈویژنل ایڈوائزری کمیٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈویژن میں بیماریوں سے پاک 12ہزار 486 گندم کے بیج کے تھیلے کاشتکاروں میں مفت تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

لیزر لینڈ لیولر، پکے کھالہ جات، ڈرپ سپرنکلر اریگیشن، سبزیات اور دالوں کے منصوبہ جات کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی۔ اس موقع پر رائو محمد طارق نے یقین دلایا کہ درستگی کے بعد بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں ہم میپکو حکام کے ساتھ پورا تعاون کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی اجناس کی مارکیٹنگ کے سلسلہ میں بھی کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے۔