تعلیمی نظام معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،ڈپٹی کمشنر خضدار

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:47

کوئٹہ۔یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ نے کہاہے کہ تعلیمی نظام معیار و میرٹ پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ تعلیم کسی بھی قوم کے مستقبل کے لئے موت وزیست کامعاملہ ہوتا ہے ۔جن قوموں نے تعلیم کو فوقیت دی اور آگے بڑھنے کی کوشش کی وہی قومیں کامیابی سے ہمکنار ہوئیں۔ہمیں بھی یہ عہد کرنا ہوگا کہ تعلیم کو ہی اوّلین ترجیح دیکر مستقبل کے چیلنجز سے نمٹناہوگا۔

ضلع بھر میں تما م اسکولز کو فعال بنانے اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن حدتک جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ایجوکیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد اسسٹنٹ کمشنر نال نصیراحمد میروانی اسسٹنٹ کمشنر وڈھ عبدالقدوس اچکزئی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرمحمد موسیٰ ڈسٹرکٹ فیمیل ایجوکیشن آفیسرفریدہ ملک عمرانی و دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خضدار نے اس موقع پر ضلع بھر میں فعال اسکولز ، و بند رہنے والے اسکولز اور غیر حاضر اساتذہ کی رپوٹ کا جائزہ بھی لیا ۔خضدار سٹی میں نیامجوپرائمری بوائزاسکول کے تین ٹیچرز کو معطل کرکے ان کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کردیئے ۔ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ نے کہاکہ تعلیم ہی کسی قوم کی کامیابی کا محور ہوتی ہے ۔اس حوالے سے ایجوکیشن ذمہ داران اور اساتذہ پر ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ تعلیم کے فروغ اسکولز کو فعال بنانے اور بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کریں ۔

انہوںنے کہاکہ ایجوکیشن میں کوتاہیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ ایک قومی فریضہ ہے جس کے لئے سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے ۔ جواسکولز بند یا ان کے اساتذہ غیر حاضر ہیں ان کی رپورٹس فوری طور پر مجھے پہنچائی جائے۔ میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ ایجوکیشن کے شعبے پر ہم ڈپٹی کمشنر خضدار کے ساتھ ہیں اور ہماری بھی خواہش ہے ایجوکیشن کا نظام فعال ہواور ہمارا مستقبل پڑھا لکھا بن جائے ۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم کے معاملے پر سب کو ایمانداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرناچاہئے ۔ کیونکہ یہ ایک قوم بنانے کامعاملہ ہے ہم اپنے مسقبل کو لکھا پڑھا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انشاء اللہ انتظامیہ ایجوکیشن کے ساتھ دیگر تمام شعبوں میں تعاون کرتے رہیں گے۔