عوام کو ضروری سہولیات، تعلیم ، روزگار اور صحت سمیت دیگر اہم شعبوں میں تبدیلی نظر آرہی ہے، صوبائی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعدوزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں ایک ٹیم کی طرح کام کیا ہے

صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ اقبال حسن کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:43

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ اقبال حسن نے کہا ہے کہ عوام کو ضروری سہولیات، تعلیم ، روزگار اور صحت سمیت دیگر اہم شعبوں میں تبدیلی نظر آرہی ہے، صوبائی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعدوزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن کی قیادت میں ایک ٹیم کی طرح کام کیا ہے اور تمام وزراء مکمل فعالیت سے اپنے محکموں کو وقت دے رہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ سب ہی محکمے اور سرکاری ملازم تندہی اور نئے جذبے کے ساتھ سے کام کررہے ہیں۔

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کو دی جانے والی بریفنگ کے بعد شرکا ء نے وزیر اعلی گلگت بلتستان کے وژ ن اور قائدانہ صلاحیتوں کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت میں گلگت بلتستان صیح معنو ں میں ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

سی پیک جیسے عظیم منصوبے پر دن رات کام جار ی ہے اور صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ گلگت بلتستان کو اس پراجیکٹ سے فیض یاب ہونے کا موقع ملے اور یہ خطے تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی اقبال حسن نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے نہایت ہی کم عرصے میں بہت سارے منصوبوں کو مکمل کیا، ماضی میں سکردو روڑ کے ایشو پر مایوسی پھیلانے کی کوشش کے سواء کچھ نہیں کیا گیا مگر ہماری حکومت نے اپنا وعدہ پور ا کرتے ہوئے اس شاندار اور انتہائی اہم منصوبے کا ٹینڈر بھی منظور کرالیا اور اس پر پلوں کی تعمیر کا افتتاح بھی ہوچکا ہے۔

توانائی کے بہت سارے منصوبے بھی زیر تعمیر ہیں جن میں سے نلتر کا پاور پراجیکٹ ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے اور اگلے ہفتے باقاعدہ پیداوار کے شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید کم ہو جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کو ضرور یاد ہوگا کہ ہماری حکومت کے آنے سے پہلے موسم سرما میں صرف ایک گھنٹے کے لیئے بجلی مہیا کی جا رہی تھی مگر اب لوڈشیڈنگ کا دورانیہ انتہائی کم کردیا گیا ہے اور اگلے سال تک گلگت بلتستان میں 100فی صد لوڈشیڈنگ ختم کر دی جائے گی، موجودہ حکومت ترقی کے لیے دور رس اور واضح پلان رکھتی ہے اور گلگت بلتستان کے وسائل سے ہر ممکن فائدہ اٹھایا جائے گا، یہ دنیا بھر میں واحد خطہ ہے جہاں پر قطبین کے بعد گلیشیرز اور پانی کے سب سے زیادہ ذخائر موجود ہیں اورہماری حکومت کی کوشش ہے کہ ان سستے زرائع سے بجلی پیدا کی جائے اور وہ دن دور نہیں جب یہاں سے پیدا کی جانے والی بجلی سے پورا گلگت بلتستان اور پاکستان روشن ہوگا۔

گلگت بلتستان میں غیر آباد زمینوں سے پیداوار کے حصول کے لیئے بھی ماضی میں کبھی کوئی کوشش نہیں کی گئی اب ہماری حکومت نے اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور مقامی طور پر اہم زرعی اجناس کی پیداوار سے مقامی افراد کو روزگار کے مزید زرائع بھی میسر ہونگے۔ موجودہ حکومت کی جانب سے صحت اور تعلیم کے شعبے میں بھی انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار عوام کے لیئے سرکاری سطح پر ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز کیا جا چکا ہے، یہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کے انقلابی اقدامات ہی ہیں جس کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا اور سرکاری ڈاکٹرز کے لیئے سپیشل پیکجز دئے جانے کی بناء پر اب دور افتادہ علاقوں میں بھی عوام کو علاج معالجے کے لیئے سرکاری ڈاکٹرز میسر ہیں۔

ماضی میں تعلیم جیسے شعبے کو کرپشن اور اقرباء پروری کی نظر کر دیا گیا اور نونہالوں کا مستقبل داوء پر لگا دیا گیا، اب نظام تعلیم کو اقرباء پروری اور کرپشن کے ناسور سے پاک کردیا گیا ہے اور این ٹی ایس کے زیر انتظام اساتذہ کا انتخاب کرکے ناقابل افراد اور سفارش و پرچی کے زریعے آنے والوں کا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔ حال ہی میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ میں بھی میرٹ پر بھرتیاں کرکے حکومت نے سب کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ ہمارا معاشرہ مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرکاری افسران کو صوبائی حکومت کی جانب سے وضح کردہ ترقیاتی پلان پر یکسوئی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں ترقی اور تعمیر کا سلسلہ جاری رہے اور تیزی سے منصوبوں پر کام کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اب گلگت بلتستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ، ہماری نظر اگلے الیکشن پر نہیں بلکہ اگلے دس سالوں اور خطے کے مستقبل پر ہے جب گلگت بلتستان ملک بھر کا سب سے خوشحال ترین خطہ بن جائے گا۔

متعلقہ عنوان :