شیخ الجامعہ سندھ کی دعوت پر انٹری ٹیسٹ میں اول پوزیشن حاصل کرنے مہران علی نے والد کے ساتھ ان سے ملاقات کی

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:41

حیدرآباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) جامعہ سندھ جام شورو کی جانب سے 12 نومبر 2016ء کو بیچلر ڈگری پروگرامز 2017ء میں داخلے کے لیے منعقد کیے گئے پری انٹری ٹیسٹ میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار مہران علی ولد دلدار علی لغاری نے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی دعوت پر ان سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران مہران علی کے والد بھی ان کے ساتھ تھے ڈاکٹر کلہوڑو نے مہران علی کی شاندار کارکردگی پر ان کو اور ان کے والد کو مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مہران علی کی کامیابی اور غربت کے حوالے سے شائع کی ہوئی خبر کا نوٹس لیا اور ان کے دل میں خواہش جاگی کہ وہ ان سے ملاقات کرکے ان کو اپنی نیک تمنائیں پیش کریں، بلکہ ان کو یہ یقین دہانی بھی کروائے کہ جامعہ سندھ ان کی محنت کی قدر کرتی ہے اور نہ صرف اس کی فیس معاف کرتی ہے، بلکہ مستقبل میں بھی ان کو ہر ممکن مالی معاونت کا عزم رکھتی ہے اس موقع پر ڈاکٹر کلہوڑو نے مہران علی اور ان کے والد کو جامعہ سندھ میں ملنے والی مختلف مالی وظائف، اسکالر شپس اور بیرون ملک تعلیم کے مواقع کے بارے تفصیلی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ اگر مہران علی اسی جذبے کے ساتھ اپنی تعلیم میں مکمل توجہ اور دلچسپی سے محنت کرے گا تو اس کے لیے جامعہ سندھ میں مالی معاونت کے کافی مواقع میسر ہیںاس موقع پر ڈاکٹر کلہوڑو نے جن خصوصی مالی معاونت کے مواقع کا ذکر کیا، ان میں میرٹ کم نیڈ بیس اسکالر شپ، دیا فائونڈیشن پاکستان اسکالر شپ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اسکالر شپ، سندھ یونیورسٹی فری شپ پروگرام، سندھ و پنجاب گورنمنٹ انڈوومینٹ اسکالر شپس اور ایسے کئی ملکی و غیر ملکی تعلیمی معاونت کے ذرائع شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کلہوڑُ نے مہران علی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پری انٹری ٹیسٹ میں ان کی شاندار کاکردگی اس کو اخلاقی طور پر پابند بناتی ہے کہ وہ جامعہ میں حصول تعلیم کے دوران بھی ہر سیمسٹر میں اپنے اعلیٰ تعلیمی معیار کو نہ صرف برقرار رکھے، بلکہ اس میں دن بہ دن اضافہ لانے کو اپنا شعار بنائے وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے مہران علی کو بتایا کہ جامعہ سندھ میں اسپلٹ اسکالر شپ پروگرام بھی موجود ہے، جس کے تحت وہ جرمنی یا کسی دوسرے یورپی ملک میں جاکر تربیت حاصل کر سکتا ہے اس موقع پر مہران علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات میں خبر آنے کے جواب میں ان سے کئی لوگوں نے رابطہ کرکے مالی معاونت کا یقین دلایا تھا، لیکن اس کے لیے مالی معاونت ہی سب کچھ نہیں ہے، اس کے لیے اس سے بڑھ کر یہاعزاز ہے کہ سندھ کی عظیم مادر علمی جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے انہیں بلوا کر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی عزت افزائی اور حوصلہ افزائی کی، جس کے لیے وہ ڈاکٹر کلہوڑو کے بے حد مشکور و ممنون ہیںاور وہ ان کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ جامعہ سندھ کا نام روشن کرنے کے لیے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

مہران علی کے والد دلدار علی لغاری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہران علی کی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم سمجھتے ہیں، کیونکہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ان کا فرزند تقریباً 20 ہزار امیدواروں پر برتری حاصل کرکے اتنا بڑا اعزاز حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ غریب بیلدار ہے، لیکن سوچ سمجھ کے لحاظ سے باشعور ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنے بیٹے مہران علی کی تعلیمی ضروریات کو ہمیشہ اپنی اولیت ترجیح سمجھا، یہی وجہ ہے کہ آج مہران علی نے جامعہ سندھ کے داخلا ٹیسٹ میں اتنی بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر کلہوڑو کی دی ہوئی عزت افزائی اور شفقت کو وہ ہر مالی امداد سے ماورا سمجھتے ہیں اور ان کو یقین ہے کہ جس تعلیمی ادارے کے وائس چانسلر اتنے شفیق، مہربان، غریبوں کا خیال رکھنے والے اور علم دوست ہونگے، وہ ادارہ ہمیشہ شاد و آباد رہے گا اور ترقی کی کئی منازل طے کرے گا۔ اس موقع پر جامعہ سندھ کے رجسٹرار غلام محمد بھٹو، معروف کالم نگار ذوالفقار قادری، ڈائریکٹر فنانس عبداللطیف سومرو، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ محمد معشوق صدیقی اور ڈائریکٹر ایڈمیشنز عبدالمجید پنہور بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :