Live Updates

عمران خان نے شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ‘ اثاثے چھپانے اور کرپشن سمیت 8 جھوٹے الزامات لگائے لیکن عدالت عظمی میں اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے، عدالتی کارروائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور مسلسل جھوٹ بولنے پرعمران خان صادق اور امین نہیں رہے‘ عمران خان کے پہلے وکیل مقدمہ کمزور ہونے کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں

وفاقی وزیرتجارت خرم دستگیر خان اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محسن شاہ نوازرانجھا کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:35

عمران خان نے شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ‘ اثاثے چھپانے اور کرپشن ..
اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) وفاقی وزیرتجارت خرم دستگیر خان اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محسن شاہ نوازرانجھا نے کہا ہے کہ عمران خان نے شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ‘ اثاثے چھپانے اور کرپشن سمیت 8 جھوٹے الزامات لگائے لیکن عدالت عظمی میں اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے‘ عمران خان الزامات سے باہر نکل کر سچ بولنا سکھیں‘ عدالتی کارروائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور مسلسل جھوٹ بولنے پرعمران خان صادق اور امین نہیں رہے‘ یہ سب عدالت عظمی کے سامنے رکھیں گے‘عمران خان کے پہلے وکیل مقدمہ کمزور ہونے کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

وہ جمعرات کو پی آئی ڈی کے میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا کہ عمران خان کے الزامات میں کرپشن‘ منی لانڈرنگ‘ کک بیکس‘ اثاثے چھپانے‘ قرضے معاف کرانے‘فلیٹ کی 1990ء سے ملکیت‘ جھوٹ کی بنیاد پر جمہوریت پر حملہ ‘کرپشن پر اسد کھرل کی کتاب اوراخباری تراشے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے الزامات پر کوئی پوچھنے یا سرزنش کرنے والا بھی نہیں ہے ‘پی ٹی آئی کے الزامات اور دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ پاکستان اور سی پیک کا منصوبہ آٹھ ماہ تاخیر کا شکار ہوا‘ اس تاخیر کا ذمہ دار کون ہے۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا کہ گذشتہ روز پانامہ لیکس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی لیکن عدالتی فیصلے کا انتظار کئے بغیر پی ٹی آئی والوں نے اپنی ہی داخل کرائی گئی تین کتابوں پر مشتمل ثبوتوں کو ردی قرار دیدیا اور وزیراعظم اور ان کے بچوں کی داخل کرائی گئی دستاویزات پر دلائل دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو گمراہ کیا‘ قوم کے سامنے جھوٹ بولا اور پھر انہی جھوٹے الزامات کی بنیاد پر جمہوریت پر حملہ آور ہوئے‘ اس ساری صورتحال کے باوجود ہم انھیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ الزامات سے باہر نکل کر سچ بولنا سکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تو یہ نظر آرہا ہے کہ نواز شریف کے خاندان اور ان کے مرحوم والد کا ٹرائل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام اورعدلیہ کی آزادی آسانی سے حاصل نہیں ہوئی، اس کا احترام ہونا چاہیے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان نے عدالت میں پہلے دن جو موقف اختیارکیا تھا، اس پر یوٹرن لے لیا گیا ہے‘ فیصلہ ہمیشہ پورا مقدمہ چلنے کے بعد ہوتا ہے‘ عدالت عظمی میں سیاسی بنیادوں پر فیصلے نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پہلے وکیل مقدمہ کمزور ہونے کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ پر جھوٹ بول کر ایسا سمجھ بیٹھے ہیں کہ شاہد ان کا جھوٹ ہی سچ ہے ‘ اسی لئے عمران خان عدالت عظمی کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی ناکام کیا ہوگی کہ پی ٹی آئی کے وکلاء اپنے ثبوت پیش کرنے کی بجائے وزیراعظم اور ان کے بچوں کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات پر اپنے کیس کا دفاع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قانونی ٹیم سپریم کورٹ میں تمام ایشوز پر تفصیل سے روشنی ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سوچ رہی ہے کہ عمران خان کی جانب سے عدالتی کارروائی کو توڑ موڑ پر پیش کرنے اور جھوٹ پر جھوٹ بولنے پر عدالت سے رجوع کریں کہ عمران خان صادق اور امین نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر جائیں گے اور ایک بار پھر بھاری اکثریت حاصل کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :