وزیراعلیٰ پنجاب کا مظفرگڑھ کے پوزیشن ہولڈر نابینا طالب علم اور اس کے خاندان کیلئے 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان

نابینا طالب علم عامر شہزادکے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت اس کے علاوہ خود برداشت کریگی ، ہونہار طالبعلم نے ثابت کیا ہے کہ اگرمحنت اور ہمت سے کام لیا جائے تو کوئی رکاوٹ منزل میں حائل نہیں ہوسکتی:شہبازشریف

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مظفرگڑھ کے پسماندہ گائوں سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈر نابینا طالب علم عامر شہزاد اور اس کے خاندان کیلئے 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نابینا طالب علم عامر شہزاد کی قابلیت،محنت اورذہانت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عامر شہزاد کے تمام تعلیمی اخراجات بھی اس کے علاوہ خود برداشت کرے گی جبکہ10لاکھ روپے کی مالی امداد عامر شہزاد اوراس کے خاندان کی دیکھ بھال کیلئے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ طبقات سے تعلق رکھنے والے ذہین طلبا و طالبات قوم کا اثاثہ ہیں جو مشکل اور کٹھن حالات میں بھی ہمت نہیں ہارتے اور محدود وسائل کے باوجود امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی قابلیت کا لوہا منواتے ہیں اور اشرافیہ کے بچوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایسے نگینوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ایسے ہونہار طلبا کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نابینا طالب علم عامر شہزاد نے جن مشکل اور کٹھن حالات میں اپنی محنت اور ذہانت سے نمایاں پوزیشن حاصل کی وہ قابل تعریف ہے۔ ہونہار طالب علم نے نمایاں پوزیشن حاصل کرکے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ اگر جذبے ،محنت اور ہمت سے کام لیا جائے تو کوئی بڑی سے بڑی رکاوٹ بھی منزل کے حصول میں حائل نہیں ہوسکتی۔

متعلقہ عنوان :