ایبٹ آباد،ضلع ناظم سردارشیربہادر کی دانشمندانہ حکمت عملی

فوارہ چوک بلاک کئے بغیرمطالبات منظور

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:17

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) ضلع ناظم سردارشیربہادر کی دانشمندانہ حکمت عملی۔ فوارہ چوک بلاک کئے بغیرمطالبات منظور۔ دھرناایک ماہ کیلئے مؤخرکردیاگیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کوبتایاکہ ضلع ناظم سردار شیربہادر نے صوبائی حکومت کی جانب سے ویلج کونسلوں، ضلع و تحصیل کونسلوں کے فنڈزکی کٹوتی کیخلاف یکم دسمبر کو فوارہ چوک میں احتجاج کا اعلان کررکھاہے۔

ضلع ناظم کے احتجاج کی کال کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے ویلج کونسلوں کی بائیس کروڑ روپے کی رقم جاری کردی تھی۔ تاہم ابھی تک ضلع اورتحصیل کونسل کے سترکروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری نہیں کئے گئے۔جس کیخلاف جمعرات کے روز ضلع ناظم نے فوارہ چوک کو بلاک کرکے غیرمعینہ مدت تک احتجاج کا اعلان کررکھاتھا۔

(جاری ہے)

اس دوران دھرنے سے قبل کمشنر ہزارہ اکبرخان کے ساتھ ضلع ناظم کے مذاکرات ہوئے۔

جوکہ ناکام رہے۔ یکم دسمبر کی صبح جناح روڈ پر سائونڈ سسٹم اور کرسیاں لگاکراحتجاج کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ کیہال سے ضلع ناظم ایک بڑے جلوس کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچے۔ جبکہ علی اصغرخان کی قیادت میں ایک بڑاجلوس جلسہ گاہ پہنچا۔ حویلیاں سے تحصیل ناظم ارسل پرویز کی قیادت میں ایک بڑاجلوس جناح روڈ پر پہنچا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان تحریک انصاف، تحریک صوبہ ہزارہ، اہل سنت والجماعت، جمعیت علمائے اسلام، ایوان تجارت حویلیاں، عوامی نیشنل پارٹی، خاکسار تحریک، ہزارہ عوامی اتحاد، ایبٹ آباد کے تاجر رہنمائوں، ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد کے نمائندوں، ممبران ضلع و تحصیل کونسل، علمائے کرام بھی احتجاج کیلئے جناح روڈ پر پہنچے۔

اس کے علاوہ گلیات سے بھی چھوٹے چھوٹے جلوس جلسہ گاہ میں پہنچے۔ دن بارہ بجے تک کمشنر ہزارہ نے فوارہ چوک کو بلاک نہ کرنے کی مہلت مانگ رکھی تھی۔ جس پر دن ڈیڑھ بجے ضلع ناظم سردار شیربہادر جنرل (ر) ایازسلیم رانا، اہل سنت والجماعت کے ضلعی صدر حاجی ایازخان جدون، ممبر ضلع کونسل شمعون یارخان، خورشید اعظم خان، علی اصغرخان، تحصیل ناظم حویلیاں ارسل پرویز،ممبر ضلع کونسل جبرائیل عباسی، ممبر ضلع کونسل طاہرجاوید عباسی، ممبر ضلع کونسل ندیم مغل، تاجر رہنماء شاہنوازخان، پی ٹی آئی کے رہنماء جان قریشی، تحصیل نائب ناظم سردارشجاع اور صحافیوںکے ہمراہ کمشنر ہزارہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ضلع ناظم سردار شیربہادر نے کمشنر ہزارہ اکبرخان کو بتایاکہ ہمارے احتجاج کی کال کے بعدویلج کونسلوںکے چوری شدہ بائیس کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہوگئے تھے۔ جبکہ مجموعی طور پر ضلع ، تحصیل کونسلوں کے ایک ارب بیاسی کروڑ روپے کے پچاس فیصدفنڈز ابھی تک بقایا ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جیسے نالائق شخص کی موجودگی میں سرکاری امور سرانجام دینا مشکل کام ہے۔

ویلج کونسلوں میں اراکین اسمبلی کے دبائو پر ڈپٹی کمشنر غیرقانونی بھرتیاں کرنے جارہاہے۔ جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ہمارے کٹوتی شدہ فنڈز فوری طور پر جاری کئے جائیں۔ ضلع ناظم کے مطالبات سننے کے بعد کمشنر ہزارہ نے یقین دہانی کروائی کہ ضلع و تحصیل کونسلوں کے فنڈز جلدازجلد جاری کروانے کیلئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے وقت لے لیاہے۔

اور اگلے ہفتے ان سے پشاور میںملاقات کی جائے گی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر کے حوالے سے بھی اعلیٰ حکام کو بتادیاگیاہے۔ جن سرکاری افسران نے ویلج کونسلوں کے فنڈز لیپس کروائے تھے۔ ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو معاف نہیںکیاجائے گا۔ کمشنر ہزارہ کی یقین دہانی کے بعد ضلع ناظم سردار شیر بہادر نے احتجاجی دھرنا ایک ماہ کیلئے مؤخرکرنے کا اعلان کیا۔ جس کے بعد تمام لوگ پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔