سمبڑیال،ربیع الاوّل کا چاند نظر آ تے ہی میلاد کمیٹیوں نے جلوس نکالے

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:15

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء)ربیع الاوّل کا چاند نظر آتے ہیں شہر سمیت دیہاتوں کی گلیاں اور بازار مدنی کی آمد مرحبا، سوہنے کی آمد مرحبا کے نعروں سے گونج اُٹھے ،مشعل بردار جلوس نکالے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جیسے ہی رویت ہلال کمیٹی نے ربیع الاوّل کے چاند نظر آنے کا اعلان کیا تو شہر سمبڑیال اور اسکے گردونواح کے دیہاتوں میں عشاء کی نماز کے بعد میلاد کمیٹیوں نے چھوٹے چھوٹے جلوس نکالے ،سمبڑیال ،ڈھلم بلگن، بھوپالوالہ و دیگر علاقوں میں جلوس نکالے گئے جس میں تحریک منہاج القرآن تحصیل سمبڑیال کے زیر اہتمام مشعل بردار جلوس جامع مسجد مصطفی ؐالیوالی سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتا ہو ا محلہ فضل پورہ پر اختتام پذیر ہوا، جلوس میں شرکاء نعلین پاک کے عکس کے پرچم ، مشعلیں اٹھائے ہوئے تھے اور آمد مصطفی ؐ مرحبا مرحبا کے نعرے لگا رہے تھے ۔

(جاری ہے)

علماء اکرام نے جلوس سے خطاب میں کہا کہ ربیع الاوّل وہ بابرکت مہینہ ہے جس کے شروع ہوتے ہی فضائیں مہکنے لگتی ہیں اور سرکار دو عالم ؐ کی آمد کے مہینے میں چہرے خوشی سے کھل اٹھتے ہیں ،مساجد اور گلیوں بازاروں میں سرکار کی آمد کی خوشی کے ترانے اور نعرے لگائے جاتے ہیں ،درود و سلام کی صدائیں گونجنے لگتی ہیں یعنی مسلمان جذبہ ایمانی سے ماہِ ربیع الاوّل کا استقبال کرتے ہیں ،گلیاں بازار اور دکانیں گھر وغیرہ 12ربیع الاوّل کی مناسبت سے سجائے جاتے ہیں محافل اور نعت خوانی کا سلسلہ عروج پکڑ لیتا ہے ۔