ٹورازم کارپوریشن کے تعاون سے روس میں فن خطاطی نمائش کا انعقاد

صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ثقافتی سیاحت ، آرٹ اور فن خطاطی کے فروغ کیلئے نمائش کے انعقاد پر مقامی آرٹسٹ کے فن پاروں کو نمائش کیلئے مکمل سپورٹ کیا

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواکے تعاون سے سی سی آئی فیبریکا ماسکو روس کی آرٹ گیلری میں پاکستانی معروف فنکارکی فن خطاطی کی تصاویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی حکومت نے مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ کے ہاتھ سے بنے اسلامی فن پاروں کو روس میں نمائش کیلئے پیش کرنے کیلئے مکمل تعاون فراہم کیا تاکہ پاکستان اور خصوصاً صوبہ خیبرپختونخوا کا ایک بہتر ایمج دنیا کو پیش کیا جا سکے،نمائش کا افتتاح روس میں پاکستان کے سفیر نے کیا،اس موقع پر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا، پشاور میوزیم اور آرکیالوجی کے لیٹریچر بھی نمائش میں رکھے گئے تھے جس میں روس کے شہریوں نے خوب دلچسپی ظاہرکی، ایک ہفتے کی نمائش کا مقصدعصر حاضر کی فن خطاطی کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی سیاحت کے تناظر میںپیش کرنا ہے ، یہ نمائش میزبان انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ تعلقات کے فروغ سمیت فنکاروں ، آرٹ کے شائقین اور عام عوام کیلئے مواقع فراہم کریگی اور ساتھ ہی ساتھ پاکستان اور روس کے مابین تعلقات میں مضبوطی میں مددگار ثابت ہوگی،فن خطاطی نمائش کے کوآرڈینیٹر محمد عارف خان نے بتا یا کہ فن خطاطی کی نمائش باہمی رشتوں کے فروغ کیلئے ضروری ہے اور تاریخ میں پہلی بار فن خطاطی کی اس نمائش کی بہترانداز میں رونمائی کی گئی جو کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین فن خطاطی کے اس شعبے کے فروغ کیلئے سود مند ثابت ہوگی،آرٹ خیالات کو پیش کرنے کا ایک موثر ذریعہ ہے جس کی کوئی سرحد نہیں ہے اور یہ ملک کا سافٹ ایمج دنیا میں پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد ان تصاویر کے ذریعے امن اور ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے اور ان لوگوں کی خدمات کو سامنے لانا ہے جو معاشرے کے اہم لوگ سمجھے جاتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ سی سی آئی فیبریکا مینجمنٹ نے فن خطاطی کی نمائش کے انعقاد کیلئے اہم اور حوصلہ افزاء اقدام اٹھایا جس کے ہم ان کے مشکور ہیں ، اس قسم کی نمائش قومی اور بین الاقوامی سطح پر آرٹسٹ اور ثقافتی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں اور اس میں مختلف ممالک کے آرٹسٹ شرکت کرسکتے ہیں ، امید ہے کہ مستقبل میں بھی دونوں سی سی آئی فیبریکا اور ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا ثقافتی سیاحت اور فن خطاطی کے فروغ کیلئے اس قسم کے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :