شہر کے ہر فرد ہر جماعت کا میئر ہوں،وسیم اختر

کراچی کی تعمیر کیلئے ہر ایک کیساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہیں، شہر کو مسائل سے پاک کریں گے، میئر کراچی

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) ڈی ایم سی کورنگی 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کا آغاز میئر کراچی وسیم اختر نے چیئرمین کورنگی سید نیر رضا،اراکین اسمبلی ندیم رازی،نشاط ضیاء قادری،معین عامر پیرزادہ،ارارکین کونسل،یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین ،کونسلرز کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں جھاڑولگا کر کیا اس موقع پر پر عوام کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی پہلے مرحلے میں کراچی کے تین ڈسٹرکٹ شرقی ،سینٹرل، کورنگی میں اس 100روزہ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ بقیہ تین ڈسٹرکٹ میں بہت جلد اس کا آغاز کردیا جائے گا ۔

100روزہ پروگرام کے آغاز کے موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم سب مل کر اس شہر کی ترقی کے لئے کا م کریں گے اور میں پورے شہر کے ہر فرد ہر جماعت کا میئر ہوں میرے دروازے کراچی کی تعمیر کے حوالے سے ہر ایک کے لئے کھلے ہوئے ہیں اور ہم سب مل کر اپنے شہر کو مسائل سے پاک کریں گے اس 100روزہ پروگرام کے اثرات گلی کو چوں اور ہر گھر تک ہر شہری تک پہنچے گے ہر شہری کو محسوس ہو گا کہ کام ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم وسائل کے نہ ہونے سے نہیں ڈرتے ہیں ہم جذبوں کی سچائی پر یقین رکھتے ہیں۔اور اس عزم کو لے کر 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کا آغاز کرنے جارہے ہیں اپنے شہر کی عوام کو بہترین ماحول بنا کر دکھائیں گے سڑکوں کا کام،پارکوں ،کھیل کے میدانوں،ڈسپینسریوں،اسکولوں،صفائی ستھرائی کے کام بھی ہونگے ہر ضلع کے چار منتخب یوسیز لوگوں کی توجہ کا مرکز بنیں گی اپنے تمام دستیاب وسائل کو استعمال کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت عوام کو بھی چاہے کہ وہ آگے آکر ہمارے ساتھ اس پروگرام میں شامل ہوں اور اپنی اپنی سطح پر اپنا کر دار ادا کریں ہم کراچی کی تعمیر کے لئے ہر ایک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں صوبائی اور وفاقی حکومت کو بھی ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور امید ہے کہ اس شہر کی بہتری کے لئے ہر ادارہ اور حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے گی ۔

اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کورنگی سید نیر رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس 100روزہ پروگرام کے تحت ڈی ایم سی کورنگی کی 4یوسیز کو ماڈل یوسیز بنارہے ہیں اور ہم صرف ان چاروں یوسیز پر ہی بس نہیں کریں گے بلکہ اس طریقے کے مطابق آہستہ آہستہ پورے ڈسٹرکٹ میں عمل در آمد کریں گے گو کہ یہ آغاز ہے لیکن اس وقت پورے شہر میں اس مہم سے ایک جوش و جذبہ بیدار ہوا ہے تمام منتخب اراکین عملی طور پر اس مہم میں حصہ لینے کو تیار ہیں اس مہم کے دوران عوام کورنگی کے ان یوسیز میں واضح فرق دیکھیں گے جن کو ماڈل یوسیز کے لئے منتخب کیا ہے کیونکہ ہمارا عزم ہے کہ عوام کو ہر سہولیات میسر کریں اس سلسلے میں نہ صرف چاروں یوسیز بلکہ دیگر تمام یوسیز میں بھی عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے کاموں کا آغا زکیا جا چکا ہے 100 روزہ پروگرام کے دوران مختلف معاملات کے حوالے سے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اس 100روزہ مہم کے دوران تمام کاموں کی نگرانی کریں گی جبکہ میئر کراچی وسیم اختر کی یہ ہدایت ہے کہ تمام لوگوں کو اس مہم میں شامل کیا جائے اور ہماری سب سے یہ درخواست ہے کہ اپنے ضلع کی تعمیر و ترقی کے لئے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں تا کہ ہم اپنے ضلع کو سب سے بہتر ین ضلع بنا سکیں۔

متعلقہ عنوان :