33ویں عالمی میلاد کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان پر ہوگی ‘خرم نواز گنڈا پور

ضلعی انتظامیہ کو اجازت کیلئے اکتوبر میں درخواست دے دی تھی،ڈی سی او لاہور کا رویہ توہین آمیز ہے،ڈاکٹر طاہر القادری کی دشمنی میں تحریک منہاج القرآن کو عالمی میلاد کانفرنس سے روکا جا رہا ہے پنجاب حکومت ولادت مصطفی ﷺ کے پروگرام میں روڑے اٹکانے سے باز نہ آئی تو پھر پور ردعمل آئیگا ‘اجلاس سے خطاب

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ دنیائے اسلام کی سب سے بڑی 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان پر ہی ہو گی ۔ ضلعی انتظامیہ کو اجازت کیلئے اکتوبر میں با ضابطہ درخواست دی تھی،ڈی سی او لاہور کا رویہ توہین آمیز ہے ۔پچھلے 32 سالوں سے عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہو رہی ہے ۔

پنجاب حکومت سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاسی دشمنی میں تحریک منہاج القرآن کو عالمی میلاد کانفرنس سے روکا جا رہا ہے ۔ہم پر امن لوگ ہیں ڈاکٹر طاہر القادری نے کارکنوں کی تربیت محبت ،امن بھائی چارے کے اصولوں پر کی ہے ۔4دہائیوں سے سربراہ عوامی تحریک ساری دنیا کو امن ،محبت بھائی چارے ،مسلکی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا سبق پڑھا رہے ہیں ،کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان پر ہی ہو گی ۔

(جاری ہے)

شدید سرد موسم کے باوجود مینار پاکستان میں ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کر کے اپنے آقا و مولیٰ حضرت محمد مصطفی ﷺسے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کریں گے ۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں 33ویں عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پرسیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2016 جواد حامد،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،ساجد بھٹی،جی ایم ملک،شہزاد رسول،سہیل رضا،شاہد لطیف،حافظ غلام فرید ،چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ میلاد النبی ﷺ کے پروگرام میں رخنہ ڈالنا یا مینار پاکستان پر پروگرام کو روکنا حکمرانوں کی خود کشی ہو گا ۔پروگرام ہر سال کی طرح مینار پاکستان پر ہی ہو گا ۔حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی اور عشق رسول ﷺ کے اس عالمی پروگرام میں رکاوٹ بننے کی ضد ترک نہ کی تو بھر پور عوامی ردعمل آئیگا ۔انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے وابستگان،کارکنان اور امت مسلمہ پوری دنیا اور ملک بھر میں ربیع الاول کی آمد کی خوشیاں منا رہی ہے ۔

گھروں،دکانوں ،بازاروں اور شاہرائوں کو سجانے کے سلسلے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔مشعل بردار جلوس نکالے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 33 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں اور انتظامات بھی زور و شور سے جاری ہیں ۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے ۔عالمی میلاد کانفرنس میں پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز شرکت کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حضور ﷺ سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی ﷺ کو عام کرنے میں کوشاں ہیں ۔منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ہزاروں نوجوان سکیورٹی کی ڈیوٹی انجام دیں گے ۔پاکستان بھر سے جید علماء ،مشائخ عظام،مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین ،سماجی رہنماء،تاجر وکلاء اور طلباء تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے ۔پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راس دکھایا جائیگا ۔