پاکستان وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

عوام کے وسیع تر مفاد میں آج سے مارکیٹیوں میں گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی شروع ہو جائے گی ‘ عہدیداروں کی گفتگو مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال اور سپلائی بند ہونے سے دکانداروں نے قلت کو جواز بناتے ہوئے عوام سے زائد قیمتیں وصول کیں

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستان وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی سے کامیاب مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کرنے اور آج ( جمعہ ) سے گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی بحال کرنے کا اعلان کر دیا ، گزشتہ روز سپلائی بند ہونے سے دکانداروں نے قلت کو جواز بناتے ہوئے عوام سے زائد قیمتیں وصول کیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گھی ملز کے سیمپل لینے اور 3گھی ملوں کو ناقص کوکنگ آئل اور گھی تیار کرنے پر سیل کرنے پر پاکستان وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی بند کر کے ہڑتال کر دی تھی جس کے باعث مارکیٹوں میں گھی اور کوکنگ آئل کی قلت ہو گئی اور اس کی گرانفروشی بھی شروع ہو گئی ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کو ختم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر انڈسٹری چوہدری شفیع گجر ،سیکرٹری انڈسٹری مجتبیٰ پراچہ ،سیکرٹری خوراک آصف بلال لودھی ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل جس نے مذاکرات میں پاکستان وناسپتی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے تمام معاملات طے کر دیئے جائیں گے۔

جس پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اعزاز الٰہی ملک نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں آج ( جمعہ ) سے مارکیٹیوں میں گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی شروع ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی گھی ملوں کی چیکنگ نہیں کر سکتی کیونکہ گھی ملیں وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے دائرہ کار میں آتی ہیں اور انہی کہ معیار کے مطابق گھی اور کوکنگ آئل تیار کرتے ہیں ۔

قبل ازیں گزشتہ روز بھی پاکستان وناسپتی ایسوسی ایشن کی کال پر دوسرے روز بھی ملک بھر میں گھی ملوں کی ہڑتال جاری رہی جبکہ مارکیٹوں میں سپلائی کا عمل بھی معطل رہا ۔ پاکستان وناسپتی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیساتھ مذاکرات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہ صرف متعلقہ وزارت کے ذمہ دار سے مذاکرات ہوں گے اور جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے گھی ملیں نہیں کھولیں گے۔ذرائع کے صرف پنجاب میں روزانہ 10ٹن گھی کی ضرورت ہوتی ہے جسے روزانہ سپلائی سے پورا کیا جاتا ہے ۔مختلف علاقوں میں دکاندارو ں نے گھی ملوں کی ہڑتال کو جواز بناتے ہوئے قیمتوں میں از خو د ضافہ کر کے عوام سے زائد قیمتیں وصول کیں ۔

متعلقہ عنوان :