ارباب اختیار یوم ولادت رسولؐ پرعافیہ کے معاملہ میں اپنے کردار کوضرورسامنے رکھیں، عذرا امجد

جمعرات 1 دسمبر 2016 21:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء)اپنی اور پرائی بیٹیوں کے ساتھ یکساں سلوک اور سروںپر چادر رکھنے والے محسن انسانیت، رحمتہ اللعالمین کی ولادت کے مبارک مہینے کا آغاز ہوچکا ہے۔ یکم ربیع الاول قوم کی معصوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ کا امریکی قید ناحق میں گذرنے والا 4995 واں دن بھی ہے۔کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اس نبی رحمت ؐ کی امت میں ایسے حکمران اور جرنیل بھی آئیں گے جو اپنی قوم کی مظلوم بیٹیوں کے سروں پر چادر رکھنا تو درکنارانہیں چند ٹکوں کے عوض کفار کو فروخت کردیں گے۔

ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب پرجاری86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کی انچارج عذرا امجد نے ڈاکٹر عافیہ سے یکجہتی کا اظہار کرنے والے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس امت میں اغیار کی قید سے بیٹیوں کو چھڑانے والے محمد بن قاسم، معتصم باللہ اور سلطان محمدالفاتح جیسے حکمران اور جرنیل گذرے ہیں ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ارباب اختیار 12 ربیع الاول یوم ولادت رسولؐ کے موقع پر سیرت کانفرنسوں میں روایتی تقریریں اورمیڈیا کو بیانات جاری کرنے سے قبل قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں اپنے وعدوں اور کردار کوضرورسامنے رکھیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے ڈاکٹر عافیہ کے اہلخانہ اور پوری قوم سے عافیہ کو وطن واپس لانے کاوعدہ کیا ہوا ہے۔ ان کی حکومت کی مدت ختم ہونے میں ڈیڑھ سال سے بھی کم کا عرصہ باقی بچا ہے۔

وزیراعظم کو سوچنا چاہئے کہ وہ روز محشر کس طرح رسول اللہ ؐ سے شفاعت طلب کریں گے۔ عافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین عذرا امجد، نسرین کوثر، امین بی بی، فوزیہ ابراہیم، روبینہ، نذیرہ بی بی،عابدہ پروین، شمیم اختر، ارم بی بی، ساجدہ پروین،بسمہ، عروج فاطمہ، فہر امجد، امام حسین ہمدم، عدنان بھٹی و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے علامتی بھوک ہڑتال میں 75 ویں دن بھی تلاوت، ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا۔