سوات میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے،عباس مجید مروت

حادثات کی روک تھام کیلئے ہیلمٹ مہم سمیت آگاہی مہم چلائی جارہی ہے ،ڈی پی او سوات

جمعرات 1 دسمبر 2016 21:43

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) ڈی پی او سوات عباس مجید مروت نے کہاہے کہ سوات میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے ،ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ہیلمٹ مہم سمیت آگاہی مہم چلائی جارہی ہے ،منشیات سمیت جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے، اڈوں کی شہر سے منتقلی اور پلازوں میں کارپارکنگ کے اقدامات کررہے ہیں ،سہراب خان چوک کو ماڈل چوک بناکر ٹریفک اسگنل لگائے جارہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پر یس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک درویش خان ،ایس ایچ او مینگورہ امجدخان ،سپیشل برانچ کے گروپ افیسر پیر زربادشاہ اور ڈی ایس بی کے انچارج فضل علی باچا بھی موجود تھے ،اس موقع پر سوات پریس کلب کے صحافیوںنے ڈی پی او سوات کو ٹریفک اور امن وامان سمیت مختلف امور پر تجاویز دیں ،ڈی پی او سوا نے سوات کے صحافیوں کی تجاویز کو خوش آئندہ قراردیتے ہوئے کہاکہ پولیس اور پریس کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور انشاء اللہ سوات کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے صحافیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ،انہوں نے کہاکہ سوات میں قیام امن کیلئے سوات کے صحافیوں نے نمایاں کردار اداکیا ہے جس کو ہم قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ سوات میں ٹریفک حادثات کو کم کرنے اورٹریفک قوانین پر عملدرآمدکرانے کیلئے خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے ،انہوں نے کہاکہ غیر قانونی رکشوں کیخلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی اور رش کو کم کرنے کیلئے رکشوں کو کلروائز کرانے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ کٹ گاڑیوں کی خلاف بھی کارروائی کررہے ہیں تاکہ ٹریفک اژدہام سمیت سیکورٹی صورت حال کیلئے خطر ہ کا باعث نہ بن سکے ،انہوں نے کہاکہ پولیس عوام کی خادم ہے اور تھانوں میں شرفاء کو عزت دی جائے گی ،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ بھرپورتعاون کریں تاکہ جرائم کی بیخ کنی ممکن ہوسکے ۔

متعلقہ عنوان :