نیوٹیک کے زیراہتمام ہنر مندی کے مقابلوں کے مفید نتائج برآمد ہو رہے ہیں، ایگزیکٹو ڈائریکٹر

جمعرات 1 دسمبر 2016 20:26

لاہور۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)نیوٹیک پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سالانہ پچاس ہزار نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو جدید فنون میں ہنر مند بنایاجارہاہے اور ان کی دلچسپی بڑھانے کیلئے نیوٹیک نے ان کے درمیان ہنر مندی کے مقابلوں کا بھی آغاز کیا ہے جس کے بڑے مفید نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اس سے ایک طرف ان کی استعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف انہیں تیزی سے ملازمتیں مل رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے سکل مقابلوں کے انعقادکے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی آبادی 20 کروڑ ہے جس میں 65 فیصد نوجوان ہیں جو 10 کروڑ سے بھی زیادہ ہیں جبکہ سرکاری ملازمتوں کی تعداد بہت کم ہے، اگر اتنی بڑی تعداد میں نوجوان فارغ اور بیروزگار رہیں گے تو ان کی پریشانیاں ان کو غلط راہ پر لگا دیں گی، وہ جرائم کی طرف راغب ہوں گے اور دہشت گردی کے مرتکب ہوں گے۔

(جاری ہے)

ہمارے اس قیمتی سرمائے کومفید بنانے کا واحدطریقہ یہی ہے کہ ان کو ہنر مند بنایا جائے تاکہ ان کو باعزت روزگار ملے اور وہ اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں۔قبل ازیں نیوٹیک کے زیراہتمام پنجاب بھر میں ڈویژنل سطح پرسکلزمقابلے منعقدکئے گئے جن ٹریڈز میں مقابلے ہوئے ان میں جنرل الیکٹریشن، ویلڈنگ، سول سرویئر، آٹو کیڈ‘ پلمبنگ‘ ڈریس میکنگ‘ کوکنگ‘ کمپیوٹر گرافکس‘ ڈی آئی ٹی اور بیوٹیشن جیسے فنون شامل ہیں۔ صوبائی مقابلوں میں ہر ٹریڈ میں اول آنے والے کو 75 ہزار‘ دوم کو 50 ہزار اور سوم کو 30 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ مقابلوں میں لڑکے اور لڑکیوں نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا ۔