اسلام انسانیت کے حقوق کا محافظ ہے ،عورتوںکے حقوق تحفظ کیلئے علماء کرام اور مذہبی قوتوں نے ہر سطح پر جدوجہد کی ‘ مقررین

اسلامی مملکت میں غیر مسلموں کی جان و مال ،عزت و آبرو کا تحفظ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے‘ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین طاہر محمود اشرفی اور دیگر کا پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام سمینار سے خطاب

جمعرات 1 دسمبر 2016 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملتان میں ہونے والے سیمینارسے خطاب میں مقررین نے کہاہے کہ اسلام انسانیت کے حقوق کا محافظ ہے ،عورتوںکے حقوق تحفظ کیلئے علماء کرام اور مذہبی قوتوں نے ہر سطح پر جدوجہد کی ہے ،اسلامی مملکت میں غیر مسلموں کی جان و مال ،عزت و آبرو کا تحفظ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔

جمعرات کو منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام انسانیت کے حقوق کا محافظ ہے۔ مذہبی قوتوں ،علماء اور دانشوروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے عوام الناس کوآگاہ کریں ۔

(جاری ہے)

بچیوں کی تعلیم پر پابندی لگانا اور عورتوں کو وراثت سے محروم کرنا ،جہیز جیسی رسم کی وجہ سے بچیوں کی شادیاں نہ ہونا معاشرے ،علماء ،مفکرین اور دانشوروں کیلئے غوروفکر کرنے کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل جنوبی پنجاب میںعورتوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے کیلئے لیگل قانونی امدادی کمیٹیاں قائم کرے گی۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ انتہاپسندی ،دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد روز و شب جاری ہے۔ پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے علماء اور مدارس عربیہ نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ علماء ،آئمہ ،خطباء نے غیر مسلموں کے حقوق کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے ۔ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کو کسی ،گروہ،فرد یا جماعت سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں غیر مسلموں کے حقوق کے مسلمان خود محافظ ہیں۔سیمینار سے پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم،مولانا ایوب صفدر، علامہ عبد الحق مجاہد ،حافظ محمد امجد،علامہ شبیر احمد عثمانی،مولانا انوار الحق مجاہد،مولانا اشفاق پتافی،چوہدری شبیر یوسف گجر،قاری ابوبکر مدنی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :