مستقل تجاوزات کو ایل ڈی اے اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اپنی اپنی حدود میں طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق ختم کرینگے ‘عبداللہ خان سنبل

سڑکوں پر آ کر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیوں کو روکنے کیلئے ٹریفک پولیس کارروائی کرے گی‘کمشنر لاہور ڈویژن کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) مستقل تجاوزات کو ایل ڈی اے اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور اپنی اپنی حدود میں طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق ختم کریں گے جبکہ عارضی تجاوزات پر دونوں مل کر کام کریں گے،سڑکوں پر آ کر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیوں کو روکنے کے لیے ٹریفک پولیس کارروائی کرے گی، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن و کریک ڈاؤن کو جاری رکھا جائے گا اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسرے فیز میں پورے لاہور تک دائرہ عمل بڑھایا جائے گا۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار تجاوزات کے خاتمے کے لیے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے زاہد زمان، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن صفدر حسین ورک و دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

لاہور انتظامیہ کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور کی 23 اہم سڑکوں اور 18 مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کر دیئے گئے ہیں جس میں درجنوں ایف آئی آرز بھی دی جا چکی ہیں جبکہ ایل ڈی اے کی ٹیمیں اپنی حدود میں کام کر رہی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن میں دوبارہ تجاوزات نہ ہونے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب کو بھی بریفنگ پیش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :