صوبے کے منفرد بلدیاتی نظام میں اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کر دئیے ،صوبائی مخلوط حکومت نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 2210ملین، تحصیل گورنمنٹ کو بھی 2210ملین اور ویلج نیبر ہوڈ کونسلوں کو 3728ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز کی پہلی قسط ریلیز کر دی ، دوسری قسط بھی رواں ماہ میں ریلیز ہو گی

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ کی سرکاری ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے کہا ہے کہ صوبے کے منفرد بلدیاتی نظام میں اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کر دئیے گئے ہیں اور صوبائی مخلوط حکومت نے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 2210ملین، تحصیل گورنمنٹ کو بھی 2210ملین اور ویلج نیبر ہوڈ کونسلوں کو 3728ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز کی پہلی قسط ریلیز کر دی گئی ہے جبکہ دوسرا قسط بھی رواں ماہ میں ریلیز ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی وی پشاور کے ایک پروگرام میںاظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے اور خدمت کے جذبے کے تحت ریکارڈ ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیں جبکہ پشاور کی ترقی ہماری ترجیحات کا محور ہے۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ نے کہا کہ بدعنوانی اور کمیشن کا دور گزر چکا ہے اب ترقیاتی سکیمیں شفاف انداز میں ریکارڈ قلیل مدت میں مکمل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کی عظمت رفتہ بحال کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔حکومت نے پشاور اپ لفٹ اور بیوٹی فیکیشن کے علاوہ پینے کے صاف پانی ،نکاس آب،سالڈ ویسٹ منصوبے اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے پر خطیر رقم خرچ کی ہے جبکہ آبنوشی اور نکاس آب کے نئے منصوبوں پر مزید لاکھوں روپے پشاور شہر میں خرچ کئے جائیں گے جس سے شہر میں نکاسی آب کا بڑا مسئلہ حل ہو جائے گااور لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی ہو گی۔

عنایت اللہ نے کہا کہ پشاور کی مختلف سڑکوں کی بہتری پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ چارسدہ پجگی فلائی اور جلد ہی مکمل ہوجائے گا جس سے ملاکنڈ ڈویڑن اور چارسدہ کے عوام کو حیات آباد تک پہنچنے میں وقت کی بچت ہو گی اور ٹریفک کے نظام میں روانی بھی ممکن ہو سکے گی۔

متعلقہ عنوان :