پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی محکمہ صحت حکومت خیبر پختونخوا کے زیر انتظام لیڈی ہیلتھ وزیٹر ڈپلومہ کورس سیشن 2016-18ء کیلئے ریگولر سیٹوں پر داخلے مکمل

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی محکمہ صحت حکومت خیبر پختونخوا کے زیر انتظام لیڈی ہیلتھ وزیٹر ڈپلومہ کورس سیشن 2016-18ء کیلئے ریگولر سیٹوں پر داخلے مکمل ہوچکے ہیں ۔امسال پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے مذکورہ سکولوں میں سیلف فنانس کے تحت چند مخصوص سیٹوں پر داخلے دینے کیلئے بھی اعلان کیا تھا جس کیلئے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں اس ضمن میں پراونشل ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مذکورہ سیلف فنانس ایل ایچ وی داخلہ کیلئے وہ خواتین درخواستیں دے سکتی ہیں جنہوں نے مذکورہ کورس میں داخلے کیلئے NTSٹیسٹ مورخہ 08/10/2016اور انٹرویو میں مورخہ 25/10/2016کو شرکت کی ہو اور ان کے نام پراونشل میرٹ لسٹ میں موجود ہوں اور وہ داخلے کے مشتہر شدہ معیار اور شرائط پر پورا اترتی ہوں۔

(جاری ہے)

پی ایچ ایس اے نے ایل ایچ وی سیلف فنانس داخلہ کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت خواہشمند امیدواروں نے درخواستیں07/12/2016تک متعلقہ سکولوں میں جمع کرانی ہونگی۔ جن امیدواران نے مذکورہ سیٹوں کیلئے پہلے سے درخواستیں جمع کی ہیں ان کو دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہر سکول میں داخلے کیلئے ان کے متعلقہ اضلاع کے امیدواران کو ترجیح دی جائے گی۔ تاہم ایسے امیدواروں کے درخواست نہ دینے کی صورت میں دوسرے اضلاع کے امیدواروں کو داخلہ دیا جائے گا۔