سی پیک میں صوبہ بھرکو مکمل حصہ دینے سمیت صوبہ کی تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں، ارشد خان عمرزئی

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اورقومی وطن پارٹی کے رہنماء ارشد خان عمرزئی نے کہا ہے کہ سی پیک میں صوبہ بھرکو مکمل حصہ دینے سمیت صوبہ کی تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محدود وسائل میں بھی صوبہ کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے اور ہمہ وقت عوام کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع بٹگرام میں ٹیکنیکل کالج کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی ابرارحسین اور ضلعی چیئرمین امجد خان ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر بٹگرام کے ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

ارشد عمرزئی نے کہا کہ راہداری منصوبہ ملک و قوم کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ثمرات سے قوم کی تقدیر بدلنے والی ہے لہٰذاحکومت فوری طور پر اس منصوبے پر کام شروع کرے اور متاثرین کو معاوضوں کی جلد ادائیگی بھی یقینی بنائے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے ہمارے صوبے کو انتہائی نقصان پہنچا کاروبار اور عوام سمیت صوبے کے تعلیمی ادارے اورصنعتی زونز بھی شدید متاثر ہوئے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ وسائل سے مالا مال ہیں اور اس کے ثمرات سے عوام کو مستفید کرنے کیلئے صوبائی حکومت کی تگ و دو جاری ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صوبہ میں فنی تعلیم کو مزید فروغ ملے جس سے نہ صرف ہنر مند نوجوان پیدا ہوں گے بلکہ ہمارے نوجوان فنی مہارت حاصل کرکے ملک و قوم کی خوشحالی میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :