مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ نومبر میں24کشمیریوں کو شہیدکیا

پولیس اسٹیشنوں میں نوجوانوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک کی مذمت

جمعرات 1 دسمبر 2016 18:32

سری نگر ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ نومبر میں 2کم عمر لڑکوں سمیت24 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ان میں سے ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کیاگیا ۔

مقبوضہ علاقے میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 352 کشمیری شدیدزخمی ہوئے جبکہ اس عرصے کے دوران202شہریوںکو جن میں بیشتر نوجوان اور حریت رہنماء شامل تھے گرفتار کیاگیا۔ بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروںنے گزشتہ ماہ گھروں میں زبردستی داخل ہو کر121گھروں کو نقصان پہنچایا،لوٹ مار کی اور کم سے کم 15خواتین کی بے حرمتیاں کیں۔

(جاری ہے)

ان کارروائیوں کا مقصد 8جولائی کو معروف کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد شروع ہونیوالے انتفادہ سے لوگوں کی جذباتی وابستگی کم کرنے کیئلے بطورایک نفسیاتی ہتھکنڈہ استعمال کیا گیا ۔جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اورکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں متعدد پولیس اسٹیشنوں میں سینکڑوںبے گناہ نوجوانوںسے روا رکھے جانیوا لے توہین آمیز سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی قراردیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مختلف جیلوں میں نظربندوں کو غیر انسانی ہتھکنڈوں کا نشانہ بنا کر بدترین نفسیاتی تشددکانشانہ بنایا کیاجارہا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں پیلٹ بندوق سے متاثرہ کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح کے مہلک ہتھیار کہیں استعمال نہیں کیے جاتے لیکن کشمیریوں کوآزادی کا مطالبہ کرنے اور مسلمان ہونے کی بنا پر ایسے ہتھیاروں کانشانہ بنایا جا رہا ہے۔

تحریک حریت جموںوکشمیر نے تنظیم کے رہنما حمزہ شاہ کے خلاف کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے اور دیگر رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ۔ بیان میں کہا گیا کہ گرفتاریوں اور نظر بندوں سے کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے سے ہرگز نہیں روکا جاسکتا۔ مسلم لیگ جموںوکشمیر نے رات کے وقت گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

متعلقہ عنوان :