سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں ملازمین کو مستقل کرنے کی آڑ میںبے ضابطگیوں کا انکشاف

جمعرات 1 دسمبر 2016 17:46

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے شعبہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں ملازمین کو مستقل کرنے کی آڑ میںبے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے،ترقی کے منتظر ملازمین منہ دیکھتے رہ گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے شعبہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں عارضی ملازمین کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکم پر مستقل کرنے کے احکامات کی آڑ میں ڈسٹرکٹ آفیسر سرفراز احمد نے اپنے من پسند اور چہیتے ملازمین پر نوازشات کی بارش کرتے ہوئے گریڈ 5کے الیکٹریشن کاشف بشیر کو گریڈ 17میں ترقی دیکر میرٹ کی دھجیاں اڑا دی ہیںجبکہ مذکورہ نشست پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازم نواز وڑائچ کو وجہ بتائے بغیر نوکری سے برخاست کرتے ہوئے غیر قانونی طور پرکاشف بشیر کو تعینات کر دیاجس کی تعلیمی قابلیت صرف میڑک بتائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ڈی او مذکور نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائد ہ اٹھاتے ہوئے ترقی کے منتظر ملازمین کا معاشی استحصال کرتے ہوئے ایسے ملازمین کو ترقی سے نوازا ہے جو کہ اپنے کام کو جانتے تک نہیں ذرائع کے مطابق غیر معمولی ترقی پانے والے ملازمین اپنے سینئرز ملازمین کیلئے درد سر بنے ہوئے جو بااثر ہونے کیوجہ سے ڈیوٹی پر آنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے اور ماتحت ملازمین پر کام کا دبائو بڑھا دیا ہے ذرائع کے مطابق ڈی او سرفراز احمد کی جانب سے گریڈ کی بند ر بانٹ سے مستحق ملازمین میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے جنہوں نے اپنے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں بارے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔