مقبوضہ کشمیر، ہندواڑہ کے رہائشی کی بھارتی پولیس کے مظالم سے تنگ آکر خود کشی کی کوشش

انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں، فیروز خان

جمعرات 1 دسمبر 2016 17:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایک شہری نے اپنے گھر پر بھارتی پولیس کے مسلسل چھاپوں اور مکینوں کو زووکوب کرنے کے عمل سے تنگ آکرزہر کھا کر خود کشی کی کوشش کی۔ شہری کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسکی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ جموں کشمیر کے رہنمافیروز احمد خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پولیس پولیس ضلع کپواڑہ کے علاقے یارو ہندواڑہ کے رہا ئشی محمد عبداللہ میر کے گھر پرروز چھاپے مار کر گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کے علاوہ مکینوں کو ہراساں کرتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پولیس نے محمد عبداللہ میرکے ایک بھائی جاوید احمد میر کو بھی گرفتار کرکے غیر قانونی طور پر نظر کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

فیروز احمد خان نے کہا کہ محمد عبداللہ میر نے بار بار کے پولیس چھاپوں سے تنگ آکر زہر کھا کر خود کو مار ڈالنا چاہا ،لیکن گھر والوں نے اُسے فوری طور ڈسٹرکٹ ہسپتال ہندوارہ پہنچایا جہاں وہ اس وقت موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

فیروز احمد خان نے کہا کہ پہلی بار ایسا نہیں ہوا جب کسی کشمیری نے قابض فورسز کی چیرہ دستیوں سے بچنے کے لئے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہابلکہ آج تک کئی خواتین نے بھی قابض فورسز سے اپنی عزت و عصمت بچانے کے لئے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔فیروز احمد خان نے قابض فورسز کی طرف سے رات کے گھروں گھروں پر چھاپوں اور مکینوں کو مارپیٹ کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انسانی حقو ق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میںبھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔