ترقیاتی کاموں سمیت دیگر امور میں استعمال ہونے فنڈز کے بارے میں معاملات کو قبل ازوقت درست کیا جائے ،ڈپٹی کمشنر خیرپور

جمعرات 1 دسمبر 2016 16:25

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ تمام سرکاری محکموں کے آفیسرزاور انجینئرز ترقیاتی کاموں سمیت دیگر امور میں استعمال ہونے فنڈز کے بارے میں معاملات کو قبل ازوقت درست کریں اور اکائونٹس کے سلسلے میں پی سی جمع کرانے میں غفلت کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ملوث افراد کو جیل بھیج دیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے دربار ہال میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صحت، روڈز، ٹی بی اسپتال ، بلڈنگ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ڈی سی خیرپور نے تمام آفیسر ز کو ہدایت کی کہ وہ آڈٹ پیرا مکمل کریں اور آئندہ اجلاس میں مکمل رپورٹ فراہم کی جائے ڈی سی خیرپور محمد سلیم راجپوت نے مختلف اخبارات میں سڑکو ں کی تعمیر میں کی جانے والی کرپشن اور سڑکوں کو ادھورا چھوڑنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے روڈز کے انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ تمام تر تفصیلات حاصل کرکے ایسی سڑکوں کو فوری مکمل کرائیں اور ٹھیکیداروں کو تنبیہ کریں کہ وہ اپنا کام جلد مکمل کریں بصورت دیگر ایسے ٹھیکیداروں کو جیل بھیج دیا جائے گا انہوں نے ٹی بی اسپتال کے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ پندرہ روز میں مشنری کو نصب کرائیں اور عوام کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹرزاور نیم حکیموں کی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے آٹھوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او، ٹی ایچ اوز کا اجلاس طلب کرکے ہدایت کی کہ وہ آئندہ دوروز کا نوٹس دیتے ہوئے ایسے ڈاکٹرز اور حکیموں کے خلاف پیر سے کریک ڈائون مہم کا آغاز کریں اور تمام تر تفصیلات سے آگاہی دیں ڈی سی خیرپور نے کہا کہ ہم عوام کے خادم ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض ہے اس سلسلے میں کسی بھی آفیسر کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے تمام سرکاری آفیسرز اور ملازمین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے بھی اپنا کام وقت پر نہیں کیا اور کوتاہی کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔