پولیس اور سیکورٹی ادارے شہر میں منشیات کی روک تھام میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ‘ذکر اللہ مجاہد

پولیس میں چند کالی بھیڑوں نے پورے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 1 دسمبر 2016 16:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ شہر میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں کے ساتھ منشیات فروشی کا دھندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بے خوف وخطر جاری ہے جس کی روک تھام میں پولیس اور سیکورٹی ادارے مکمل ناکام ہوچکے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے شہر میں بڑھتی جرائم کی وارداتوں کے حوالے سے مختلف مکتب فکر کے وفود سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک قوم کا سرمایہ نوجوان نسل آزاد خیالی ، ماحول کی خرابی اور بے روزگاری کی وجہ سے حساس کمتری کا شکار ہوتی جا رہی ہے اور منشیات جیسی لعنت کا سہارا لینے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسو س کی بات ہے کہ لاہور شہر کے کوچے کوچے میں فروخت ہونے والی نشہ کی پُڑیا پولیس اور سیکورٹی اداروں کی عقابی نظر سے اوجھل کیسے ہو سکتی ہی جبکہ شہر کے پولیس تھانوں اور چوکیوں میں چند کالی بھیڑوں کی سرپرستی میں شہر بھر میں نوجوان نسل کو تباہ برباد کیا جارہا ہے جس پر پنجاب حکومت کی لا پرواہی قابل مذمت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اضافی دولت کمانے کی خاطر منشیات کا کاروبار کرنے والے نوجوان نسل کو نہ صرف تباہ و برباد کر رہے ہیں بلکہ شہر میں جرائم کی افزائش کر رہے ہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور موت کا کاروبار کرنے والے درندہ صفت اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑ کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ شہر کوموت کا کاروبار کرنے والوں سے پاک صاف کیا جا سکے ۔